ڈپٹی کمشنر کوہاٹ کا ریسکیو 1122 کے ڈسٹرکٹ آفس کا دورہ

بدھ 6 فروری 2019 19:55

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 فروری2019ء) ڈپٹی کمشنر کوہاٹ مطیع اللہ خان نے آج ریسکیو 1122کوہاٹ کا دورہ کیاجہاں ایمرجنسی آفیسر نور الامین خٹک نے انہیں ایمبولینس،فائر وہیکلز،ریسکیو وہیکلزاورکنٹرول روم کے ساتھ ساتھ ریسکیو سٹال کا بھی دورہ کروایااوراس کی کارکردگی کے بارے میں مفصل بریفنگ دی۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر نے اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ریسکیو 1122 سروس کا پہلے ایک تصور ہوا کرتا تھا کہ کیا کوئی ادارہ 24 گھنٹے عوام کو ان کی دہلیز پر فوری اور مفت سروس فراہم کر سکتا ہے جبکہ اب اس تصور کو ریسکیو 1122 نے حقیقت میں بدل دیا۔

ان کا کہناتھاکہ یہ سروس کوہاٹ کے عوام کے لئے حکومت خیبرپختونخوا کا ایک تحفہ ہے اور اس کی سروس اعلیٰ کوالٹی کا ہے ۔انہوں نے ریسکیور1122کے کام کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس اہم ادارے کو جہاں جہاںضلعی انتظامیہ کی خدمات کی ضرورت ہو گی فراہم کریں گے اور ریسکیو 1122 کے ساتھ شانہ بشانہ کوہاٹ کے عوام کی خدمت کریں گے۔ مطیع اللہ خان نے کہا کہ ریسکیو 1122 کوہاٹ کے لئے اراضی کے حصول پر کام ہو رہا ہے اور انشااللہ بہت جلداسے اراضی فراہم کر دی جائے گی۔