نواز شریف نہیں بلکہ شہباز شریف ڈیل کے لیے متحرک ہیں،وفاقی وزیر ریلوے کا دعویٰ

وہ کس کے توسل سے ڈیل کرنا چاہتے ہیں اسکا نام وزیر اعظم سے پوچھ کر بتا سکتا ہوں،شیخ رشید

Syed Fakhir Abbas سید فاخر عباس بدھ 6 فروری 2019 21:35

نواز شریف نہیں بلکہ شہباز شریف ڈیل کے لیے متحرک ہیں،وفاقی وزیر ریلوے ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 06 فروری2019ء) وفاقی وزیر شیخ رشید نے دعویٰ کیا ہے کہ نواز شریف نہیں بلکہ شہباز شریف ڈیل کے لیے متحرک ہیں اور وہ کس کے توسل سے ڈیل کرنا چاہتے ہیں اسکا نام وزیر اعظم سے پوچھ کر بتا سکتا ہوں ۔ ۔تفصیلات کے مطابق سابق وزیر اعظم نواز شریف کے گرد جب سے گھیرا تنگ ہوا ہے تب سے ہی این آر او کی بازگشت سنائی دے رہی ہے۔

جس وقت بیگم کلثوم نواز کا انتقال ہوا تو این آر او کی خبریں مزید زور پکڑ گئیں ۔وزیر اعظم کے دورہ سعودی عرب کے موقع پر سزا معطلی کے بعد نواز شریف ،مریم نواز اور کیپٹن (ر)صفدر کی رہائی نے این آر او کے تاثر کو مزید تقویت دی ۔تاہم اس حوالے سے حکومت بھی بارہا اس بات کو دہراتی رہی ہے کہ مسلم لیگ ن نواز شریف کے لیے این آر او چاہتی ہے لیکن ہم کسی قسم کی ڈیل کے لیے تیار نہیں ہیں۔

(جاری ہے)

اس حوالے سے مسلم لیگ ن کے رہنماوں نے ہمیشہ ہی ڈیل کی خبروں کی تردید کی ہے۔تاہم ایک مرتبہ پھر این آر او کی آوازیں سنائی دے رہی ہیں۔وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید کاکہنا تھا شہباز شریف اس وقت ڈیل کی کوششوں میں ہیں اور وہ کس کے ذریعے ڈیل کرنا چاہ رہے ہیں یہ بات میں وزیر اعظم سے پوچھ کر بتاوں گا ۔انہوں نے یہ بھی کہا میں آپکو بتا دوں کہ نواز شریف شہباز شریف جتنے چالاک آدمی نہیں ہیں ۔

1999 میں بھی جو ڈیل ہوئی تھی وہ شہباز شریف اور برگیڈئیر نیاز کی کوششوں سے ہوئی تھی۔اسی ڈیل کے حوالے سے بات کرتے ہوئے معروف صحافی خاور گھمن نے کچھ روز قبل بتایا کہ شریف فیملی کے لیے بڑی شدت اور اہتمام کے ساتھ این آر او کی کوششیں کی جارہی ہیں۔اانہوں نے بتایا کہ جنرل (ر) قیوم کے ذریعے یہ کوششیں کی جارہی ہیں۔انکا کہنا وہ آجکل راہداریوں میں پائے جارہے ہیں اورمرکزی سطح پر بات چیت جاری ہے اور اس کا کیا نتیجہ نکلتا ہے وہ تو آنے والا وقت ہی بتائے گا۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ چوہدری نثار بھی خفیہ انداز میں متحرک ہو چکے ہیں اور انکی جانب سے پارٹی قیادت کے ساتھ رابطوں کا سلسلہ جاری ہے اور یہ بات بھی ہمیں نظر انداز نہیں کرنی چاہیے کہ جب بھی شریف خاندان پر برا وقت پڑا ہے تو چوہدری نثار کی جانب سے انکی ریلیف کی کوششیں کی گئی ہیں تاہم اب موجودہ صورتحال میں اونٹ کس کروٹ بیٹھے گا یہ آنے والا وقت ہی بتا سکتا ہے