Live Updates

کشمیریوں کی لازوال قربانیاں رنگ لائیں گے ، انسانی تاریخ کی بے مثال تحریک آزادی کامیاب ہوگی‘لیاقت بلوچ

ہندوستان روس اور امریکہ کی ناکامی سے سبق سیکھے اور کشمیریوں کو حق خود ارادیت کے لیے اقوام متحدہ کی قرار دادوں پر عمل کرے

بدھ 6 فروری 2019 22:41

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 فروری2019ء) جماعت اسلامی پاکستان کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے منصورہ میں وفود سے ملاقات ، مرکزی مشاورت اور جے آئی یوتھ کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہاہے کہ 5 فروری کو پوری قوم نے کشمیر کی جدوجہد آزادی سے غیر متزلزل اظہار یکجہتی کیاہے ۔ کشمیریوں کی لازوال قربانیاں رنگ لائیں گے ۔ انسانی تاریخ کی بے مثال تحریک آزادی کامیاب ہوگی۔

ہندوستان روس اور امریکہ کی ناکامی سے سبق سیکھے اور کشمیریوں کو حق خود ارادیت کے لیے اقوام متحدہ کی قرار دادوں پر عمل کرے ۔ خطہ کے حالات بدل رہے ہیں ۔ افغانستان میں امریکہ اور نیٹو فورسز ناکام ہوچکی ہیں ۔ ہندوستان کے جرنیل ، پالیسی ساز اور قیادت بے بس اور مجبور ہو رہی ہے سب کا بیانیہ بدل رہاہے ۔

(جاری ہے)

مسئلہ کشمیر کا حل ظلم و انسانوں کا قتل عام نہیں ، عالمی برادری حق خود ارادیت کا حصول یقینی بنائے ۔

لیاقت بلوچ نے کہاکہ حکومت نوجوانوں کے مسائل حل کرنے ، باعزت روزگار دینے اور تعلیم و تربیت کے مسائل حل کرنے میں ناکام ہے ۔ 70 سال میں فوجی آمروں کے ساتھ ساتھ نام نہاد پاپولر جذباتی دھڑے بندی کی سیاست اور لیڈر شپ ناکام ہے ۔ نوجوانوں کو عزم نو کے ساتھ اصولوں اور میرٹ کی بنیاد پر سیاسی نظام اور قیادت تبدیل کرناہے ۔دریں اثنالیاقت بلوچ نے پاکستانی کرکٹ ٹیم کے ورلڈ کپ کے لیے سرفراز احمد کو کپتان برقرار رکھنے کے فیصلہ کا خیر مقدم کیاہے اور کہاہے کہ نئے پاکستان میں پرانے پاکستان کا کپتان ہی چلے گا۔ جب سب کچھ پراناہی ہے تو کرکٹ کپتان بھی پرانا چلے گا ۔ عمران خان حکومت میں کھیل کا زوال پریشان کن ہے ۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات