چیئرمین سینٹ صادق سنجرانی سے میر عاصم کرد گیلو کی ملاقات

ملکی سیاسی صورتحال کے علاوہ بلوچستان پر بھی تبادلہ خیال

بدھ 6 فروری 2019 22:59

چیئرمین سینٹ صادق سنجرانی سے میر عاصم کرد گیلو  کی ملاقات
کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 06 فروری2019ء) چیئرمین سینٹ صادق سنجرانی سے بلوچستان کے سابق وزیر اور بلوچستان عوامی پارٹی کے سینئر نائب صد رمیر عاصم کرد گیلو نے ملاقات کی۔ملاقات میں ملکی سیاسی صورتحال کے علاوہ بلوچستان پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات کے بعد سابق صوبائی وزیر میر عاصم کرد گیلو کا کہنا تھا کہ چیئرمین سینٹ صادق سنجرانی سے ملاقات انتہائی خوشگوار رہی ملاقات میں ملکی سیاست کے علاوہ خصوصاً صوبے کی سیاست پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

چیئرمین سینٹ کا کہنا تھا کہ وہ بلوچستان کے مسائل سے بخوبی آگاہ ہیں اور ان کی کوشش ہے کہ وہ ان مسائل کے حل کیلئے اپنا مثبت کردار ادا کرتے رہیں انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت بھی بلوچستان کے مسائل کے حل میں دلچسپی رکھتی ہے ضرورت اس امر کی ہے کہ بلوچستان کی لیڈر شپ خواہ اس کا تعلق جس جماعت سے بھی ہو اسے چاہیے کہ وہ بلوچستان کے حقوق اور مسائل کے حوالے سے ایک پیج پرآئے اور ان مسائل کے حل کیلئے متحد ہو کر جدوجہد کرے۔

(جاری ہے)

سابق صوبائی وزیر میر عاصم کرد گیلو نے بتایا کہ اُنہوں نے چیئرمین سینٹ صادق سنجرانی کا شکریہ ادا کیا کہ وہ بلوچستان کے مسائل کے حل کیلئے دن رات کوشاں ہیں اور ان مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کیلئے اُن کی کاوشیں قابل تحسین ہیں۔ اُنہوں نے انہیں یہ یقین دلایا کہ بلوچستان عوامی پارٹی اپنے منشور کے تحت صوبے کے عوام کی فلاح و بہبود اور ان مسائل کے حل کیلئے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی اور اس سلسلے میں چیئرمین سینیٹ کے ساتھ ہر ممکن تعاون کرتے ہوئے ان کے ہاتھ مضبوط کرے گی۔