Live Updates

امریکن بزنس کونسل کا وزیراعظم کی معاشی پالیسیوں پراعتماد کااظہار

وزیراعظم سے امریکن بزنس کونسل کے وفد کی ملاقات، سرمایہ کاری کے سازگار ماحول سے متعلق تبادلہ خیال،بہترماحول کے باعث غیرملکی کمپنیاں سرمایہ کاری کیلئے پاکستان کا رخ کررہی ہیں، غربت میں کمی لائیں گے اور نوجوانوں کوہنر مند بنائیں گے۔وزیراعظم عمران خان کی گفتگو

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعرات 7 فروری 2019 19:20

امریکن بزنس کونسل کا وزیراعظم کی معاشی پالیسیوں پراعتماد کااظہار
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔07 فروری2019ء) وزیراعظم عمران خان سے امریکن بزنس کونسل کے وفد نے ملاقات کی، جس میں پاکستان میں سرمایہ کاری کے سازگار ماحول سے متعلق تبادلہ خیال کیا گیا۔امریکن بزنس کونسل کے وفد نے وزیراعظم کی معاشی پالیسیوں پر اعتماد کااظہار کیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیراعظم عمرا ن خان سے آج اسلام آباد میں امریکن بزنس کونسل کے وفدنے ملاقات کی۔

جس میں سرمایہ کاروں نے وزیراعظم کی معاشی پالیسیوں کو سراہا۔ وفد میں بین الاقوامی سرمایہ کار کمپنیوں کے نمائندے بھی شامل تھے۔بتایا گیا ہے کہ امریکن بزنس کونسل 65امریکی کمپنیوں کی نمائندہ تنظیم ہے۔اس موقع پرمعاشی پالیسیوں کا مقصد سرمایہ کاروں کو تحفظ فراہم کرنا ہے، سرمایہ کاری کے بہترماحول کے باعث غیرملکی کمپنیاں سرمایہ کاری کیلئے پاکستان کا رخ کررہی ہیں۔

(جاری ہے)

بیرونی سرمایہ کاری حکومتی پالیسیوں پر اعتماد کا مظہر ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں بیرونی سرمایہ کاری کے بے پناہ مواقع موجود ہیں۔سرمایہ کاروں کو سازگار ماحول فراہم کیا جائے گا۔عمران خان نے کہا کہ غربت میں کمی لائیں گے اور نوجوانوں کوہنر مند بنائیں گے۔ اس سے قبل وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا، جس میں 21نکاتی ایجنڈے پر غور کیا۔

وفاقی وزیراطلاعات فواد چودھری نے وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا بریفنگ میں کہا کہ اجلاس میں روزمرہ کی اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں صارفین کیلئے ایک ایپ بنا نے کا فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ صارفین چیزوں کی قیمتیں دیکھ سکیں گے۔ ہماری حکومت میں سبزیوں اور دالوں کی قیمتوں میں کمی کی گئی ہے۔اسی طرح سیمنٹ ، ڈیزل ، بجلی اور گیس کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے۔

ہم منافع خوری کوقابو کرنے کیلئے اقدامات کررہے ہیں۔ موجودہ حکومت کے پہلے 6 مہینے میں مہنگائی کی شرح 1.8 فیصد ہے۔ ن لیگ کے پہلے چھ مہینوں میں 6.5 فیصد تھی۔فواد چودھری نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے گیس کی اوربلنگ کا نوٹس لیا اور ایکسٹرنل آڈٹ کا حکم دیا ہے۔ سوئی گیس 23 فیصد لوگ استعمال کرتے ہیں، باقی سارے لوگ ایل پی جی یا لکڑی یا دوسرے ذرائع استعمال کرتے ہیں۔

ہم یہ گیس باہر سے بڑی مہنگی گیس لے رہے ہیں، اور پھر یہ گیس سبسڈی دے کرلوگوں سستی گیس دے رہے ہیں، یہ شاہد خاقان عباسی کی مہربانی ہے۔ مسلم لیگ ن کے دور میں مہنگی گیس خریدی گئی۔انہوں نے کہا کہ کچھ لوگ بغیرانٹائٹل سرکاری گھروں پر قبضہ کرکے بیٹھے ہوئے ہیں۔رضا ربانی ، مشاہد اللہ ، سمیت ایسے ایم این ایز ہیں جن کوالاٹ نہیں ہیں لیکن وہ قبضے کرکے بیٹھے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ رضاربانی اور مشاہداللہ نے منسٹر انکلیو میں گھروں پر قبضہ کررکھا ہے، وزیراعظم نے الاٹمنٹ کے قواعدوضوابط کے مطابق کاروائی کی ہدایت کردی ہے، وزیراعظم نے گھر واپس لینے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اجلاس میں اوورسیز پاکستانیوں کے بارے میں کہا گیا کہ وہ ہمارا اثاثہ ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت مستحق افراد اور خاندانوں کو صحت کارڈ دے رہے ہیں، سینئر سیٹزن اور بزرگوں کیلئے صحت کارڈ لیکر آرہے ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ آرٹسٹ اور صحافیوں کو بھی صحت کارڈ کی فہرست میں شامل کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ کابینہ اجلاس میں علیم خان کی گرفتاری پر کوئی بات نہیں ہوئی۔ نیب کی کارروائی میں غیرجانبداری اور شفافیت انتہائی لازم ہے۔ نیب کے اختیارات میں کمی نہیں کر رہے، اسے طاقتور کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ فوج اور حکومت کے درمیان تاریخ کی بہترین کو آرڈینیشن ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات