رواں شجر کاری مہم کامیاب بنانے کیلئے تمام تر صلاحتیں بروئے کار لائی جائیں،راجہ محمد فاروق حیدر

شجر پروری میں کسی قسم کی غفلت اور لاپرواہی نہ برتی جائے،جنگلات کی ترقی و ترویج وقت کی اہم ضرورت ہے،قدر اور حفاظت ہماری اولین ذمہ داری ہے ، وزیراعظم آزاد کشمیر

جمعہ 8 فروری 2019 15:48

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 فروری2019ء) وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا کہ حکومت آزاد کشمیر اور اس کا محکمہ جنگلات اپنے محدود وسائل کے اندر رہتے ہوئے ہر سال دو مرتبہ شجرکاری مہم کو کامیابی کے ساتھ ہمکنار کرنے کی کوشش کرتے ہیں تاہم آزادریاست جموں و کشمیر کی زمینی ساخت، قدرتی آفات، عوامی دبائو اور لاپرواہی کے باعث جنگلات کی ہزاروں ایکڑ اراضی بردگی، آگ اور غیر قانونی کٹائو کا شکار ہو رہی ہے۔

موسم بہار کی شجرکاری مہم کے آغاز کے موقع پر انہوں نے کہا کہ رواں شجر کاری مہم کامیاب بنانے کے لیے تمام تر صلاحتیں بروئے کار لائی جائیں۔ شجر پروری میں کسی قسم کی غفلت اور لاپرواہی نہ برتی جائے۔ انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کی 88 فیصد آبادی دیہات پر مشتمل ہے۔

(جاری ہے)

ریاست کی آبادی کو اپنی ضروریات پورا کرنے کیلئے جنگلات پر انحصار کرنا پڑتا ہے۔

جنگلات کی ترقی و ترویج وقت کی اہم ضرورت ہے۔ درخت ہمارا اثاثہ ہے انکی قدر اور حفاظت ہماری اولین ذمہ داری ہے انہوں کے مزید کہا کہ رواں شجر کاری مہم میں 8000 ایکڑ رقبہ پر 38 لاکھ سے زائد پودہ جات لگائے جانے کا عزم خوش آئندہ ہے اس عزم کی کامیابی کیلئے حکومت سمیت دیگر ادارے اپنا کردار ادا کریں انہوں کے کہا کہ ریاستی عوام میں 10 لاکھ سے زائد پودہ جات تقسیم کرکے شجرکاری مہم کو کامیاب بنایا جائے گا۔

وزیر اعظم آزادکشمیر نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کی آزادی کی خاطرکشمیری عوام لازوال قربانیاں دے رہے ہیں۔ مقبوضہ کشمیر کے عوام کی جدوجہد آزادی کو مدنظر رکھتے ہوئے حکومت آزادکشمیر نے اس سال شجرکاری موسم بہار 2019 کو مقبوضہ کشمیر کے بھارتی ظلم و بربریت کا شکار بچوں کے نام سے منسوب کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ محدود مالی وسائل کے باوجود جنگلات کی ترقی کیلئے حکومت پر عزم ہے اور آزاد کشمیر کے ترقیاتی بجٹ میں 423.939 ملین روپے مختص کئے گئے ہیں۔

نیلم جہلم ہائیڈرو الیکٹرک پاور پراجیکٹ کے تحت بھی محکمہ جنگلات کو فنڈز فراہم کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بحیثیت قوم ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ جنگلات کے تحفظ اور افزائش کیلئے اپنا کردار ادا کریں اس کیلئے قومی سطح پر فکر و عمل کی ضرورت ہے۔ شجرکاری و شجر پروری اور جنگلات کی حفاظت کرنا صرف حکومت اور محکمہ جنگلات کی ذمہ داری ہی نہیں بنتی بلکہ یہ پوری قوم کی اجتماعی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ رواں سال کی شجرکاری مہم میں حکومت آزاد کشمیر، محکمہ جنگلات و دیگر اداروں کی طرح سول سوسائٹی بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لینا چاہیے۔