فراہمی ونکاسی آب کے مسائل ہنگامی بنیادوں پر حل کرنے کیلئے اقدامات کررہے ہیں ،ایم ڈی واٹر بورڈ

پمپنگ اسٹیشنز کے پمپس ،موٹروں اور اسکینرز سمیت دیگر مشینری کی فوری مرمت کی ہدایات جاری کردی گئی ہیں ،خالد محمود شیخ

جمعہ 8 فروری 2019 16:16

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 فروری2019ء) واٹربورڈ کے مینیجنگ ڈائریکٹر خالد محمود شیخ نے کہا ہے کہ واٹربورڈ وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ اور صوبائی وزیر بلدیات سیعد غنی کی ہدایات پر لیاری اور ملحقہ علاقوں میں فراہمی ونکاسی آب کے مسائل ہنگامی بنیادوں پر حل کرنے کیلئے اہم اقدامات کررہا ہے جس کے مثبت نتائج ہفتہ دس دن میں برآمد ہونا شروع ہوجائیں گے ،لیاری میں قائم واٹربورڈ کے فراہمی ونکاسی آب کے پمپنگ اسٹیشنز کے پمپس ،موٹروں اور اسکینرز سمیت دیگر مشینری کی فوری مرمت کی ہدایات جاری کردی گئی ہیں ، ناکارہ اور پرانے پمپس کو تبدیل کیا جارہا ہے ، اہم سیوریج لائنوں کی تبدیلی ،مرمت اور صٖفائی کیلئے متعلقہ افسران کو ضروری احکامات دیدیئے گئے ہیں ،آراو پلانٹس کو فعال کرنے کیلئے بھی اقدامات کیئے جارہے ہیں ،کے الیکٹرک سے لوڈشیڈنگ سے متاثرہ پمپنگ اسٹیشنوں کو مستثنیٰ قراردینے کیلئے رابطہ کیا گیا ہے ،واٹربورڈ کے الیکٹرک کو آر اوپلانٹس کے بجلی کے بلوں کی براہ راست ادائیگی ممکن بنائے گا ، ان خیالات کا اظہار ایم ڈی واٹربورڈ نے ڈی ایم سی ساؤتھ کے چیئرمین ملک فیاض ،کے الیکٹرک کے نمائندوں اور واٹربورڈ افسران وانجینئرز کے منعقدہ اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کیا ،ایم ڈی واٹربورڈ نے کہا کہ وزیراعلیٰ سندھ اور وزیربلدیات کراچی کے شہریوںکو فراہمی ونکاسی آب کی بہتر فراہمی اور شکایات کے فوری ازالے کے متمنی ہیں ،ان کی ہدایات پر واٹربورڈ شہر کے مختلف اضلاع سمیت ضلع غربی خصوصاً لیاری و ملحقہ علاقوں میں فراہمی ونکاسی آب کی سہولیات کی بہتر فراہمی کیلئے ہنگامی بنیادوں پر بھرپور اقدامات کررہا ہے ،منتخب نمائندوں کے مطالبہ پر ضلع جنوبی میں فراہمی ونکاسی آب کی شکایات کے فوری ازالے کیلئے ضروری تیکنیکی عملہ تعینات کیا جارہا ہے،ایگزیکٹیو انجینئر ٹی پی ٹو ایاز تونیو کو ایکس ای این ،ای اینڈ ایم لیاری کی اضافی ذمہ داری دیدی گئی ہیں جبکہ شہر میں اوورفلو کے خاتمہ اور سیوریج پمپنگ اسٹیشنوں کی دیکھ بھا ل کیلئے سیوریج پمپنگ سرکل (ایس پی ایس ) ون اور ٹو تشکیل دیئے جارہے ہیں جو ضروری سامان مشینری سے لیس ہوں گے ایس پی ایس کا عملہ چیف انجینئر الیکٹریکل اینڈ مکینیکل کی زیر نگرانی کام کرے گا ،جبکہ اضلاع کو فوری فنی اور تیکنیکی امداد کی فراہمی کیلئے مشین پول ڈویژن کو فعال کیا جارہا ہے،انہوں نے چیف انجینئر وا ایگزیکٹیوانجینئر ای اینڈ ایم کو ہدایات دیں کہ مذکورہ علاقوں کے سیوریج پمپنگ اسٹیشنوں میں اپنی مدت کار پوری کرنے والے ناکارہ پمپس کوفوری تبدیل کیا جائے،علاوہ ازیں ایم ڈی واٹربورڈ نے لیاری و ملحقہ آبادیوں کو پانی کی فراہمی کیلئے قائم آر او پلانٹس کو لوڈ شیڈنگ سے مستثنیٰ قراردینے کا مطالبہ کیا ہے ، کے الیکٹرک کے اعلیٰ حکام کی ہدایات پر ڈی جی ایم محمود خان کی قیادت میں ملاقات کے لئے آنیوالے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے ایم ڈی واٹربورڈ نے کہا کہ واٹربورڈ آر او پلانٹس کے ماہانہ بلوں کی پابندی کے ساتھ ادائیگی کرے گا ،جن آر او پلانٹس پر بجلی منقطع کی گئی ہے ان آر او پلانٹس کے کنکشن فوری بحال کیئے جائیں ، آر او پلانٹس اور واٹربورڈ کے تمام پمپنگ اسٹیشنوں کو بلاتعطل بجلی کی فراہمی یقینی بنائی جائے ۔