سندھ میں گیس ، پانی اور بجلی بحران وفاقی حکومت کا پیدا کردہ ہے، بیرسٹر مرتضی وہاب

وفاق اپنی نااہلی اور غیر سنجیدگی کی سزا عوام کو دینے سے گریز کرے پی ٹی آئی کی حکومت سندھ کے عوام کو آخر کس بات کی سزا دے رہی ہی وفاقی وزراء کو سیاسی شعبدہ بازی اور اپوزیشن کے خلاف کارروائیوں سے فرصت ملے تو عوامی مسائل پر بھی توجہ دیں،مشیر اطلاعات سندھ

جمعہ 8 فروری 2019 21:25

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 08 فروری2019ء) مشیر اطلاعات قانون و اینٹی کرپشن سندھ بیرسٹر مرتضی وہاب نے سندھ میں گیس پانی اور بجلی کے بدترین بحران پر اپنا شدید ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ سندھ میں گیس ، پانی اور بجلی بحران وفاقی حکومت کا پیدا کردہ ہے۔ وفاق اپنی نااہلی اور غیر سنجیدگی کی سزا عوام کو دینے سے گریز کرے پی ٹی آئی کی حکومت سندھ کے عوام کو آخر کس بات کی سزا دے رہی ہی وفاقی وزراء کو سیاسی شعبدہ بازی اور اپوزیشن کے خلاف کارروائیوں سے فرصت ملے تو عوامی مسائل پر بھی توجہ دیں۔

انہوں نے کہا کہ ایک طرف بڑا بھائی سندھ کو پانی نہیں دے رہا تو دوسری طرف سندھ میں گیس بحران شدید کردیا گیا ہے۔ کراچی کے بیشتر علاقوں میں گھروں میں گیس کی بدترین لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے۔

(جاری ہے)

ستر فیصد گیس پیدا کرنے والے صوبے کے ساتھ وفاق زیادتیاں بند کرے۔ پی ٹی آئی سرکار لوگوں کے روزگار چھیننے کے ساتھ ساتھ گھروں کے چولہے بھی ٹھنڈے کررہی ہے۔

بیرسٹر مرتضی وہاب نے کہا کہ پی ٹی آئی سرکار کے تمام بلند و بانگ دعووں کی قلعی کھٴْل گئی ہے آج ملک کے عوام مہنگائی کی چکی میں پس رہے ہیں پنجاب میں پولیس گردی عروج پر ہے وفاقی وزراء شاہ خرچیوں میں مصروف ہیں جبکہ نیازی صاحب اسکے باوجود بلند دعؤؤں سے باہر نہیں نکل رہے۔ خدارا عوام کو گیس پانی اور بجلی کے بحران سے نجات دلائی جائے ایسا نہ ہو کہ حکمران عوام کے غیض و غضب کا شکار ہوجائیں۔#