برازیل کے معروف فٹبال کلب فلیمنگو میں آگ لگنے سی10فٹبالر ہلاک ہوگئے

آگ 14 سے 17سال کی عمر کے نوجوان فٹبالرز کی اکیڈمی کی عمارت میں لگی جس پر کئی گھنٹوں بعد قابو پا لیا گیا، 3فٹبالر شدید زخمی بھی ہوئے ، وجوہات کا تعین نہ ہوسکا

جمعہ 8 فروری 2019 22:35

برازیل کے معروف فٹبال کلب فلیمنگو میں آگ لگنے سی10فٹبالر ہلاک ہوگئے
ریوڈی جنیرو (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 08 فروری2019ء) برازیل کے سب سے معروف کلب فلیمنگو میں آگ لگنے سے کم از کم 10 نوجوان فٹبالر ہلاک ہو گئے۔برازیل کے ساحلی شہر ری دی جنیرو میں واقع فٹبال کلب میں علی الصب آگ لگی جس کے نتیجے میں 10 افراد ہلاک ہو گئے جبکہ 3 افراد کے شدید زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔یہ آگ 14 سے 17سال کی عمر کے نوجوان فٹبالرز کی اکیڈمی کی عمارت میں لگی جس پر کئی گھنٹوں بعد قابو پا لیا گیا۔

امدادی کارکنوں نے بتایا کہ کھلاڑی اکیڈمی میں سو رہے تھے کہ عمارت میں آگ لگ گئی تاہم آتشزدگی کی وجوہات سے متعلق کچھ نہیں بتایا گیا۔یہ آگ تقریباً صبح 5 بجے ریو دی جنیرو کے ضلع ورگیم گرانڈے میں لگی جہاں اعلیٰ پیشہ ورانہ سہولیات سے لیس برازیل کے سب سے مشہور کلب فلیمنگو کا اسکواڈ بھی ٹریننگ کرتا ہے، دو گھنٹے بعد ساڑھے سات بجے تک آگ پر قابو پا لیا گیا۔

(جاری ہے)

حادثے میں ہلاکتوں کے حوالے سے متضاد اطلاعات موصول ہو رہی ہیں, مقامی میڈیا کے مطابق مرنے والے تمام 10افراد نوجوان فٹبالرز ہیں جبکہ کچھ اطلاعات ہیں کہ مرنے والوں میں 6 نوجوان فٹبالرز اور 4 سپورٹ اسٹاف کے اراکین شامل ہیں۔ آگ لگنے کی وجہ اب تک معلوم نہیں ہو سکی لیکن ایک دن قبل ہونے والی بارش کے سبب جس وقت آگ لگی، اس وقت کلب میں بجلی اور پانی نہیں تھا۔فلیمنگو کلب سے نکل کر برازیل کی عالمی سطح پر نمائندگی کرنے والے چند مشہور کھلاڑیوں میں رونالڈینو ، ببیتو اور روماریو شامل ہیں۔برازیل کی تاریخ کا سب سے کامیاب کلب ہونے کے ساتھ ساتھ فلیمنگو کی باسکٹ بال، روئنگ، سوئمنگ اور والی بال کی بھی ٹیمیں ہیں۔۔