پی ایس پی کی جدوجہد صرف آج کے لئے نہیں، آنے والی نسلوں کے روشن اور بہتر مستقبل کیلئے ہے، سید مصطفی کمال

جمعہ 8 فروری 2019 23:34

پی ایس پی کی جدوجہد صرف آج کے لئے نہیں، آنے والی نسلوں کے روشن اور ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 فروری2019ء) پاک سر زمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفیٰ کمال نے کہا کہ پی ایس پی کی جدو جہد صرف آج کے لئے نہیں بلکہ آنے والے کل کے لئے ہے تاکہ ہم اپنی آنے والی نسلوں کو ایک روشن اور بہتر مستقبل دے سکیں۔ جو لوگ 30 سالوں میں ہمارے لئے سیوریج کا نظام ٹھیک نہیں کر سکے وہ کیا میرے اور تمہارے بچوں کا مستقبل محفوظ کر سکیں گے۔

ان خیالات کا اظہار سید مصطفیٰ کمال نے نیو کراچی ٹاؤن یوسی11 5G عید گاہ کالونی اور یوسی 7 میمن محلے میں علیحدہ علیحدہ منعقدہ کارنر میٹنگز کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ اپنے ذاتی مفادات کی خاطر کراچی کو کچرا کنڈی میں تبدیل کر دیا گیا ہے۔ کراچی کا کوئی ایسا علاقہ نہیں جہاں سیوریج کا نظام درہم برہم اور سڑکیں ٹوٹی پھوٹی نہ ہو۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اکیسویں صدی میں دنیا چاند پر پہنچ رہی ہے اور ہم فضلہ ملا پانی پینے پر مجبور اور بنیادی سہولیات سے محروم ہیں جو انتہائی افسوس کی بات ہے۔ انہوں نے کہا کہ اُردو بولنے والے ایک مہذب اور پڑھی لکھی قوم تھی جس کے نوجوانوں کو تعلیم سے دور کرکے اسے جاہل بنا دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ میں نے راتیں جاگ کر کراچی بنایا ہے، اللہ نے مجھ سے یہ کام لیا، میں نے 3 سو ارب روپے اپنے ہاتھوں سے خرچ کیے اور مجھ پر کوئی کسی قسم کی کرپشن کا الزام نہیں لگا سکتا۔

انہوں نے کہا کہ ظالم وہ نہیں جو ظلم کر رہا ہے بلکہ ظالم وہ ہے جو خاموشی سے ظلم سہہ رہا ہے۔ ہمارے بنیادی مسائل حل کرنے کے لیے آسمان سے کوئی فرشتے نہیں اتریں گے ہمیں اپنے حقوق کے لئے خود اُٹھنا پڑے گا جب جاکر آپ کو حقوق ملیں گے۔ انہوں نے کہا کہ آپ نے سب کو آزمایا ہے ایک بار پی ایس پی کو بھی آزماکر دیکھیں۔ ہمارے پاس جو فارمولا ہے اس سے ہم کراچی کو چھ مہینے میں بدل کر رکھ دیں گے۔