پی ایس ایل 4میں شرکت کیلئے ”ملتان کے سلطانز“ دبئی پہنچ گئے

کپتان شعیب ملک جلد ٹیم کو جوائن کریں گے

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب ہفتہ 9 فروری 2019 17:33

پی ایس ایل 4میں شرکت کیلئے ”ملتان کے سلطانز“ دبئی پہنچ گئے
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔9 فروری 2019ء) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے چوتھے سیزن کے لیے ملتان سلطانز کے کھلاڑیوں نے دبئی میں ڈیر ہ ڈال لیا ہے۔تفصیلات کے مطابق پی ایس ایل فرنچائز ملتان سلطانز کے بیشتر کھلاڑی آج دبئی پہنچ گئے ہیں جب کہ شاہد آفریدی اور شعیب ملک سمیت دیگر غیر ملکی کرکٹرز بھی جلد سلطانز کے سکواڈ جوائن کریں گے۔
ملتان سلطانز کے کھلاڑیوں نے ٹورنامنٹ میں اچھی کارکردگی کا عزم ظاہر کرتے ہوئے قوم سے دعا کی اپیل کی ہے،ان کا کہنا تھا کہ ٹیم پی ایس ایل فور میں اچھی کارکردگی کیلئے پرامید ہیںاور ایونٹ میں بہترین پر فارمنس کا مظاہرہ کرکے چیمپئن ہونے کا اعزاز اپنے نام کرنے کی بھرپور کوشش کرےگی ۔

یاد رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے زیر اہتمام پاکستان سپر لیگ کا چوتھا ایڈیشن 14 فروری سے یو اے ای اور پاکستان میں شروع ہوگا، لیگ کا فائنل 17مارچ کو کراچی میں کھیلا جائیگا، لیگ میں 6 ٹیمیں ٹائٹل کے حصول کیلئے پنجہ آزمائی کرینگی، لیگ راﺅنڈ روبن فارمیٹ کے تحت کھیلی جائیگی۔

(جاری ہے)

اب تک اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم دو دفعہ اور پشاور زلمی کی ٹیم ایک بار لیگ جیت چکی ہے۔

پاکستان سپر لیگ کا افتتاحی میچ 14فروری کو دفاعی چمپئن اسلام آباد یونائیٹڈ اور لاہور قلندرز ٹیموں کے درمیان دبئی میں کھیلا جائیگا۔ پی ایس ایل کے چوتھے ایڈیشن میں فائنل سمیت کل 34 میچز کھیلے جائیں گے جس میں سے آخری 8 میچز پاکستان کے شہروں لاہور اور کراچی میں کھیلے جائینگے۔ لاہور میں 3 میچز جبکہ فائنل سمیت پانچ میچز کراچی میں کھیلے جائینگے۔

نیشنل سٹیڈیم کراچی میں پہلا میچ 7 مارچ کو کراچی کنگز اور پشاور زلمی کے مابین فلڈ لائٹس میں ہوگا جبکہ لاہور میں پہلامیچ 9 مارچ کو لاہور قلندر اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے مابین کھیلا جائیگا۔ پاکستان میں کھیلے جانےوالے 8 میچز کے علاوہ دبئی انٹرنیشنل سٹیڈیم میں 14میچز اور چار میچز شیخ زید سٹیڈیم ابوظہبی میں کھیلے جائینگے۔ شیدول کے مطابق پی ایس ایل میں شرکت کرنے والی تمام ٹیمیں ہر ٹیم کےساتھ دو دو میچز کھیلیں گی۔ جنوبی افریقہ کے اے بی ڈی ویلیئرز، زمبابوے کے برینڈن ٹیلرسمیت 19کھلاڑی پہلی بار پی ایس ایل میں ایکشن میں نظر آئینگے۔ پاکستان سپر لیگ کے چوتھے ایڈیشن کا فائنل میچ 17 مارچ کو کھیلا جائیگا جو نیشنل کرکٹ سٹیڈیم کراچی میں کھیلا جائیگا۔