قومی ٹیم کا اگلا سپر سٹار کون ہوگا؟ شاہد آفریدی نے اشارہ دیدیا

شاداب خان ورلڈ کپ میں قومی ٹیم کے اہم کھلاڑی ثابت ہوں گے:سابق کپتان

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب اتوار 10 فروری 2019 13:30

قومی ٹیم کا اگلا سپر سٹار کون ہوگا؟ شاہد آفریدی نے اشارہ دیدیا
لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔10 فروری 2019ء) قومی ٹیم کے سابق کپتان اور مایہ ناز آل راﺅنڈر شاہد آفریدی نے نوجوان لیگ سپنر شاداب خان کو مستقبل کا سپر سٹار قرار دے دیا ہے۔شاہد آفریدی نے جنوبی افریقہ کے خلاف آخری ٹی ٹونٹی میں شاداب خان کی آل راﺅنڈ کاکردگی کو سراہتے ہوئے ان کے بہترین مستقبل کی پیشن گوئی کی،انہوں نے اپنے ٹویٹر پیغام میں لکھا کہ”بہترین آل راﺅنڈ پرفارمنس،تم ایک سٹار ہو اور بہترین آل راﺅنڈر بننے کی تمام صلاحیتیں رکھتے ہو“۔

شاہد آفریدی نے پیشن گوئی کی کہ شاداب خان30مئی سے انگلینڈ میں شروع ہونے والے ورلڈ کپ میں قومی ٹیم کے لیے اہم کردار ادا کرسکتے ہیں ۔یا د رہے کہ شاداب خان نے پاکستان کے جنوبی افریقہ کے خلاف تیسرے ٹی ٹونٹی میں کامیابی میں اہم کردار ادا کیا تھا ، انہوں نے پہلے اپنی بیٹنگ کے دوران22قیمتی رنز سکور کیے جس میں اننگز کے آخری اوور میں ایڈیلے پھیلکوایو کو لگائے گئے تین چھکے بھی شامل تھے اور پھر اپنے باﺅلنگ کے ذریعے ان فارم پروٹیز کپتان ڈیوڈ ملر سمیت دو کھلاڑیوں کو آﺅٹ کیا ،انہیں اس شاندار کاکردگی پر میچ کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ دیا گیا ۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ شاداب خان پاکستان سپر لیگ میں دفاعی چیمپئن اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے ان ایکشن ہوں گے اور اس سیزن میں انہیں ٹیم کا نائب کپتان بھی مقرر کیا گیا ہے ۔