Live Updates

کلین اینڈ گرین پاکستان کوئی سیاسی نعرہ نہیں بلکہ ہماری لیڈر شپ کاویژن ہے ، راجہ راشد حفیظ

ماضی میں حکمرانوں کی عاقبت نا اندیشی کے باعث ایک تسلسل کے ساتھ جنگلات کا صفایاہوا،تحریک انصاف کی حکومت بڑھتی ہوئی آبادی کی رہائشی ضروریات کو بنجر و بے کار زمینوں پر نئے شہر آباد کرکے پورا کرے گی،صوبائی وزیر خواندگی و غیر رسمی بنیادی تعلیم

اتوار 10 فروری 2019 20:10

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 10 فروری2019ء) صوبائی وزیر خواندگی و غیر رسمی بنیادی تعلیم پنجاب راجہ راشد حفیظ نے کہا ہے کہ کلین اینڈ گرین پاکستان کوئی سیاسی نعرہ نہیں بلکہ ہماری لیڈر شپ کا ایسا ویژن ہے جو ملک سے جنگلات کی کمی کو دور کرکے پانی ، زراعت اور موسموں کی شدت کو ہماری ضروریات سے ہم آہنگ بنانے کا حامل ہی․ ماضی میں حکمرانوں کی عاقبت نا اندیشی کے باعث ایک تسلسل کے ساتھ جنگلات کا صفایاہوا اور جنگلات سمیت بیش قیمت زرعی زمینوں پر اندھا دھند ہائوسنگ سکیمیں بنا کر ملک کو بنجر بنانے والوں پر کوئی چیک اینڈ بیلنس نہیں رکھا گیا ․ تحریک انصاف کی حکومت بڑھتی ہوئی آبادی کی رہائشی ضروریات کو بنجر و بے کار زمینوں پر نئے شہر آباد کرکے پورا کرے گی جبکہ زرخیر زمینوں پر زراعت کو فروغ دیا جائیگا اور خالی سرکاری و غیر سرکاری زمینوں پر جنگلات اگا کر ہمہ جہت مقاصد کا حصول ممکن بنایا جائیگا․پاکستان کو سر سبز و شادات بنا کر ہم اپنے بچوں کا مستقبل محفوظ اور بڑھتی ہوئی گلوبل وارمنگ پر قابو پانے میں اپنا کردار بھر پور طریقے سے ادا کریں گے ․ انہو ںنے ان خیالات کا اظہار پبلک پارک شمس آباد مری روڈ راولپنڈی میں ’’کلین اینڈ گرین پاکستان ‘‘ پروگرام کے تحت پودا لگا کرموسم بہار کی شجر کاری مہم کا افتتاح کرنے کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا ․ اس موقع پر پی ایچ اے کے چئیرمین آصف محمود ، اراکین پنجاب اسمبلی مومنہ وحید ، عمر تنویر بٹ اور فرخ آغا کے علاوہ پی ایچ اے و دیگر متعلقہ اداروں کے حکام اور طالبات بھی موجود تھیں ․ راجہ راشد حفیظ نے کہا کہ ماضی کے حکمرانوں نے سرکاری اور غریب عوام کی زرخیز زمینوں پر قبضے کرنے والوں سے اپنا حصہ وصول کرکے انہیں ہریالی تباہ کرنے اور ان زمینوں پر اندھا دھند ہائوسنگ سکیمیں بنانے کی کھلی چھٹی دئیے رکھی ․ تحریک انصاف کی حکومت نے ہزاروں ایکڑ ایسی اراضی کو واگزار کروایا ہے جس پر درخت لگا کر ہم جنگلات کی کمی کو پورا کرنے میں مدد حاصل کریں گے ․ انہو ںنے عوام الناس اور بالخصوص طلبہ پر زور دیا کہ وہ اپنے ملک کو سرسبز و شادات بنانے کیلئے کلین اینڈ گرین پاکستان مہم کو بھر پور طریقے سے کامیاب بنائیں اور موسم بہار کی شجر کاری مہم میں زیادہ سے زیادہ پودے نہ صرف خود لگائیں بلکہ اپنے حلقے اثر میں ہر شخص کو کم از کم ایک پودا لگانے اور اس کی پوری پرورش کرنے پر آمادہ کریں ․ انہو ںنے کہا کہ جنگلات موسموں کی شدت کو کنٹرول کرتے ہیں ․ جنگلات کی وجہ سے بارشیں برستی ہیں ، سیلاب و طوفان رکتے ہیں ، ماحولیاتی کثافتوں میں کمی آتی ہے اور بے شمار دیگر انسانی ضرورتیں ان ہی درختوں سے پوری ہوتی ہیں ․ درختوں کی اس اہمیت کو زیادہ سے اجاگر کرکے ہر پاکستانی شہری کو شجر کاری میں حصہ لینے پر آمادہ کیا جائے ․ اس موقع پر راجہ راشد حفیظ نے پودا لگا کر دعا بھی کی ․ چئیرمین پی ایچ اے آصف محمود اور اراکین پنجاب اسمبلی مومنہ وحید ، عمر تنویر بٹ اور فرخ آغا نے طالبات سے کہا کہ وہ لوگوں کو شجر کاری کی ضرورت و اہمیت سے آگاہ کریں اور موسم بہار کی شجر کاری کے دوران ہر مرد و زن ، پیرو جوان اور بچوں کو اپنے گھروں ، دفاتر ، سڑکوں اور ہر خالی جگہ پر درخت لگانے اور اس کی نگہداشت کرنے پر اکسائیں تاکہ ملک سے جنگلات کی کمی کو دور کیا جا سکے ․ دریں اثناء راجہ راشد حفیظ نے گورنر پنجاب سے ان کے دفتر گورنر ہائوس میں ملاقات کی ․ اس دوران انہوں نے گورنر پنجاب کو شرح خواندگی میں اضافے کے حوالے سے کئے جانے والے اپنی وزارت کے اقدامات سے آگاہ کیا اور کہا کہ پنجاب کے تمام اضلاع میں تعلیم بالغاں کے مراکز بنائے جائیں گے اور خاص طور پر پنجاب بھر کی جیلوں میں قیدیوں کی تعلیم و تربیت اور اصلاح کیلئے یہ مراکز قائم کئے جائیں گے ۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات