Live Updates

سعودی ولی عہد کا دورہ پاکستان ، ایڈوانس سکیورٹی ٹیم پاکستان پہنچ گئی

اسلام آباد کے دو بڑے ہوٹل مکمل اور دو ہوٹل جُزوی طور پر بُک، محمد بن سلمان کے زیر استعمال فرنیچر اور دوسرے سامان کے 2 ٹرک بھی پہنچ گئے

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین پیر 11 فروری 2019 11:21

سعودی ولی عہد کا دورہ پاکستان ، ایڈوانس سکیورٹی ٹیم پاکستان پہنچ گئی
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 11 فروری 2019ء) : سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے دورہ پاکستان کے پیش نظر ایڈوانس سکیورٹی ٹیم پاکستان پہنچ گئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کا دورہ پاکستان کے سلسلے میں سعودی وفد کی پاکستان آمد کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے۔ جس کے تحت ان کی ایڈوانس سکیورٹی ٹیم بھی پاکستان پہنچ گئی ہے ۔

محمد بن سلمان کے پاکستان کے دو روزہ دورے کی کوریج کے لیے سعودی میڈیا کا وفد بھی پاکستان پہنچ چکا ہے جبکہ محمد بن سلمان کے ڈاکٹرز کی ٹیم بھی پاکستان پہنچ گئی ہے ۔ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے وزیراعظم ہاؤس میں قیام کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے ۔ جبکہ سعودی وفد کے ارکان اسلام آباد کے نجی ہوٹلوں میں قیام کریں گے۔ اس کے لیے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے دو بڑے ہوٹل مکمل اور دو ہوٹل جُزوی طور پر بُک کر لئے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

سعودی سفیر کے مطابق شہزادہ محمد بن سلمان 2 روزہ دورے پر 16 فروری کو پاکستان پہنچیں گے۔ محمد بن سلمان کی سکیورٹی ٹیم نے اسلام آباد کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا ۔ محمد بن سلمان کے زیر استعمال فرنیچر اور دوسرے سامان کے 2 ٹرک بھی پاکستان پہنچ گئے ہیں ۔ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان دورہ پاکستان کے دوران پاکستانی قوم سے خطاب کریں گے۔ سعودی ولی عہد دو روزہ دورہ پاکستان کے دوران پاکستان کی تاریخ کی سب سے بڑی سرمایہ کاری کا اعلان بھی کریں گے ۔

محمد بن سلمان کے دورہ پاکستان میں پاکستان اور سعودی عرب کے مابین 14 ارب ڈالر کے معاہدوں کا بھی امکان ظاہر کیا جارہا ہے۔ سعودی ولی عہد کو اس دورے کی دعوت وزیراعظم عمران خان نے دی تھی۔ دوسری جانب وفاقی حکومت نے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی پاکستان آمد سے متعلق تیاریوں کا آغاز کر دیا ہے۔ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے دورہ پاکستان میں دونوں ممالک کے مابین دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ دیا جائے گا۔ اس دورے کے دوران تاریخی معاہدوں کو حتمی شکل دی جائے گی۔ سعودی ولی عہد کے دورہ پاکستان میں ممکنہ معاہدوں پر دستخط کیے جائیں گے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات