مصری صدر سیسی روانڈا کے ہم منصب کو شکست دیکر افریقی یونین کے سربراہ منتخب

عبدالفتح السیسی کی قیادت سے افریقی ممالک میں انسانی حقوق کے نظام کو نظرانداز کیا جا سکتا ہے،ایمنسٹی کا انتباہ

پیر 11 فروری 2019 13:20

نیویارک قاہرہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 فروری2019ء) مصر کے صدر عبدالفتح السیسی نے روانڈا کے صدر پال کیگامے کو شکست دے کر 55 رکنی افریقی یونین کے سربراہ منتخب ہوگئے۔دوسری جانب ایمنسٹی انٹرنیشنل نے خبردار کیاہے کہ عبدالفتح السیسی کی قیادت سے افریقی ممالک میں انسانی حقوق کے نظام کو نظرانداز کیا جا سکتا ہے۔امریکی ٹی وی کے مطابق ایتھوپیا میں منعقدہ افریقی یونین کی 32 ویں سربراہی کانفرنس میں سیسی کو نیا چیئرمین منتخب کیا گیا۔

افریقی یونین کے سربراہی اجلاس کے آغاز میں ایتھوپیا کے آخری حکمران کا مجسمے کی رونمائی ہوئی جس کے بعد یونین کے سیکیورٹی گارڈز اور چند افریقی ممالک کے رہنماوں کے گارڈ کے درمیان تصادم بھی ہوا۔عبدالفتح السیسی نے یونین کے چیئرمین منتخب ہونے کے بعد اپنے خطاب میں کہا کہ وہ براعظم افریقہ کی سیکیورٹی پر خصوصی توجہ دیں گے۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ افریقہ میں امن اور استحکام کی بہتری کے لیے ہمیں کوششیں جاری رکھنی چاہیے، افریقی یونین کی ترجیحات میں ثالثی اور سفارت کاری سرفہرست رہے گی۔

افریقی یونین کے نئے چیئرمین نے کہا کہ انسداد دہشت گردی کے لیے ضروری ہے کہ ان عناصر کی شناخت کی جائے جو تعاون اور مالی مدد کرتے ہیں جبکہ ہم ان مشکلات سے آگاہ ہیں۔دوسری جانب ایمنسٹی انٹرنیشنل نے خبردار کیا کہ عبدالفتح السیسی کی قیادت سے افریقی ممالک میں انسانی حقوق کے نظام کو نظرانداز کیا جا سکتا ہے۔ایمنسٹی انٹرنینشل نارتھ افریقہ کی کمپین ڈائریکٹر ناجیا بونیم کا کہنا تھا کہ صدر عبدالفتح السیسی نے اپنی حکمرانی میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں کی ہیں اور ان کی قیادت میں مصر انسانی حقوق اور آزادی کے حوالے سے تنزلی کا شکار ہوا ہے۔

متعلقہ عنوان :