شہباز شریف کی رہائی سے متعلق نیب کی بینچ تبدیلی کی درخواست مسترد کر دی گئی

لاہور ہائیکورٹ نے نیب کی بینچ تبدیلی کی درخواست کو ناقابل سماعت قرار دے دیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین پیر 11 فروری 2019 13:39

شہباز شریف کی رہائی سے متعلق نیب کی بینچ تبدیلی کی درخواست مسترد کر ..
لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 11 فروری 2019ء) : اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی شہباز شریف کی رہائی سے متعلق نیب کی بینچ تبدیلی کی درخواست کو مسترد کر دیا گیا ہے۔ لاہور ہائیکورٹ نے درخواست کو ناقابل سماعت قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ سردار شمیم خان نے نیب کی بینچ تبدیل کی درخواست پر سماعت کی۔ دوران سماعت نیب پراسیکیوٹر نے کہا کہ اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی شہباز شریف کی درخواست ضمانت جسٹس علی باقر نجفی پر مشتمل بینچ کو بھجوائی جائے۔

موجودہ بینچ شہباز شریف کی درخواست ضمانت پر سماعت نہیں کر سکتا۔ جسٹس علی باقر نجفی کی سربراہی میں 2 رکنی اس کیس میں شریک ملزموں کی ضمانت کی درخواستیں مسترد کر چکا ہے۔ جس پر چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے نیب کے وکیل سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا میں معذرت خواہ ہوں اب ایسا نہیں ہوتا۔

(جاری ہے)

نیب پر پہلے بہت سے الزامات عائد ہو رہے ہیں اور اب نیب اپنی مرضی کے بنچ بنوائے گا؟ عدالت نے درخواست گزار کے دلائل سننے کے بعد درخواست کے قابل سماعت ہونے پر فیصلہ محفوظ کر لیا تھا۔

بعد ازاں سماعت میں وقفے کے بعد چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ سردار شمیم خان نے درخواست کے قابل سماعت ہونے پر محفوظ فیصلہ سنایا جس میں عدالت نے شہباز شریف کی رہائی سے متعلق نیب کی بینچ تبدیلی درخواست ناقابل سماعت قرار دے کر اپیل مسترد کر دی۔ چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ سردار شمیم خان نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ شہباز شریف کی درخواست ضمانت پر سماعت موجودہ بینچ ہی کرے گا۔ یاد رہے کہ نیب نےاپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی اور مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف کو آشیانہ اقبال ہاؤسنگ اسکینڈل میں اختیارات کے ناجائز استعمال کے جُرم میں گرفتار کیا تھا جس کے بعد شہباز شریف اب تک عدالتی ریمانڈ پر جیل میں ہیں۔