وسیم اکرم کو متعارف کرانے والا شخص میں ہی ہوں:محسن حسن خان

ٹیم میں اسے میں نے ہمیشہ اپنے چھوٹے بھائیوں اور بیٹوں کی طرح سمجھا:سابق اوپنر

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب پیر 11 فروری 2019 14:44

وسیم اکرم کو متعارف کرانے والا شخص میں ہی ہوں:محسن حسن خان
لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔11فروری2019ء) قومی ٹیم کے سابق اوپنر محسن حسن خان نے انکشاف کیا ہے کہ وسیم اکرم کو پاکستان کرکٹ میں متعارف کرانے والے شخص وہ ہیں ۔ایک انٹر ویو کے دوران محسن خان کا کہنا تھاکہ ہم لاہور میں ظہیر عباس کی زیرقیادت ٹیسٹ کھیل رہے تھے،میرے ایک دوست نے بطور نیٹ باﺅلر ایک نوجوان کو بلا کر کارکردگی دیکھنے کی درخواست کی، میں نے اسے اجازت دے دی،وہ نوجوان وسیم اکرم تھا، پیسر اس وقت دبلے پتلے مگر بالکل فٹ تھے، نیٹ میں انھوں نے ہمیں جو غیرمعمولی باﺅلنگ کی اسے دیکھ کر سب دنگ رہ گئے، میں نے بعد میں ظہیرعباس سے کہا کہ یہ تو زبردست لڑکا ہے پاکستان ٹیم کے بہت کام آئے گا،میں پریکٹس کے بعد قذافی سٹیڈیم میں چیئرمین صفدر بٹ کے دفتر میں گیا جہاںمیں نے ان سے کہا کہ سر یہ لڑکا بہترین باﺅلر ہے اسے پاکستانی ٹیم میں ہونا چاہیے، انھوں نے کہا ٹھیک ہے دیکھتے ہیں ، پھر سب نے وسیم کی کارکردگی کا جائزہ لیا، میں وسیم کو ٹیم میں لانے کا مکمل کریڈٹ نہیں لوں گا ، آپ کسی کو متعارف تو کرا سکتے ہیں لیکن آگے بڑھنا اس کی پرفارمنس پر منحصر ہوتا ہے،وسیم اکرم اس کے بعد ورلڈکلاس کرکٹر بن گئے، ٹیم میں اسے میں نے ہمیشہ اپنے چھوٹے بھائیوں اور بیٹوں کی طرح سمجھا، کرکٹ کمیٹی کی میٹنگ میں وسیم اکرم نے کوئی گلے شکوے نہیں کیے، ہم نے گفتگو شروع کر دی ایسا لگا ہی نہیں کوئی بات ہوئی ہے۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ وسیم اکرم کے بارے میں مجھے تحفظات تھے لیکن چیئرمین سے ملاقات کے بعد میں نے پریس کانفرنس میں بھی کہا تھا کہ 99 فیصد حد تک مطمئن ہو گیا ہوں۔