شامی بچے کی یاد میں جرمن امدادی جہاز کا نام "ایلان ردی" رکھ دیا گیا

جرمن امدادی جہاز کا نام اپنے بیٹے کے نام پر رکھے جانے پر مسرور ہیں ،والد عبداللہ کردی

پیر 11 فروری 2019 16:33

میڈرڈ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 فروری2019ء) بحیرہ روم میں پناہ گزینوں کی مدد کے لیے سرگرم ایک جرمن بحری جہاز کا نام بدل کر شامی بچے ایلان کردی نام پر رکھ دیا گیا ہے۔ تین سالہ کرد نژاد ایلان کی لاش 2 ستمبر 2015 کو ترکی کے شہر بدروم کے ساحل پر ملی تھی۔میڈیارپورٹس کے مطابق اسپین کے جزیرے میں منعقد جہاز کا نام بدلنے کی تقریب میں ایلان کے والد عبداللہ کردی اور اس کی بہن تیما کردی نے بھی شرکت کی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر عبداللہ کردی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ وہ جرمن امدادی جہاز کا نام اپنے بیٹے کے نام پر رکھے جانے پر مسرور ہیں ، ساحل پر مردہ حالت میں پائے جانے والے ایلان کو کبھی نہیں بھلایا جانا چاہیے۔ننھا ایلان اپنے بھائی غالب اور والدہ ریحانہ کے ساتھ اس وقت موت کا شکار ہو گیا جب ان کی ربڑ کی کشتی بحیرہ ایجہ میں ڈوب گئی تھی۔ ترکی کے ایک ساحل پر ایلان کی لاش کی تصویر پوری دنیا کے ذرائع ابلاغ اور سوشل میڈیا پر پھیل گئی اور اس نے لوگوں کو غم کے سمندر میں غرق کر دیا۔