فیصل آباد میں شادی تُڑوانے والا گروہ شکنجے میں آ گیا

7 رُکنی گروہ جعلی کالز کر کے رشتے تُڑواتا تھا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین پیر 11 فروری 2019 15:58

فیصل آباد میں شادی تُڑوانے والا گروہ شکنجے میں آ گیا
فیصل آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 11 فروری 2019ء) : فیصل آباد میں شادیاں اور رشتے تُڑوانے والا 7 رکنی گروہ شکنجے میں آگیا۔ ملزمان پیسے لے کر لوگوں کے رشتے تُڑواتے تھے اور اب تک 100 سے زائد رشتے تُڑوا چکے ہیں۔ ملزمان کالز کر کے لڑکیوں کو ہراساں کرتے اور جعلی انعامی پروگرامز کے نام پر رقم بھی بٹورتے تھے۔ ایف آئی اے کے سائبر کرائم سیل نے ملزمان کو دھر لیا۔

ملزمان پر 4 ماہ میں تین سو سے زائد لڑکیوں کو ہراساں کرنے کا الزام بھی عائد ہے۔ ملزمان پولیس کے نمبرز استعمال کر کے بھی شہریوں کو بلیک میل کرتے تھے جبکہ کئی لڑکیوں کی کردار کشی کر کے ان کے رشتے بھی تُڑوا چکے تھے۔ ملزمان نے اپنی تفریح کے لیے کئی رشتے تباہ کیے۔ ایف آئی اے ذرائع کے مطابق ملزمان ایک سافٹ وئیر استعمال کرتے تھے جو آج سے قبل پنجاب میں کہیں استعمال نہیں کیا گیا۔

(جاری ہے)

یہ ایک ایسی سافٹ وئیر بیسڈ ایپلی کیشن ہے کہ اگر کوئی ایک شخص کسی تیسرے کا موبائل فون نمبر استعمال کر کے کسی شخص سے بات کرنا چاہے تو بآسانی کر سکتا ہے۔ اس ایپلی کیشن میں کسی بھی شخص کا نمبر ایڈ کر کے اُسے بآسانی استعمال کیا جا سکتا ہے۔ ایف آئی اے ذرائع کے مطابق اس گروہ کے خلاف سو سے زائد شکایات موصول ہوئی تھیں۔ حال ہی میں ایک لڑکی کے بھائی نے ایف آئی اے کے سائبر کرائم ونگ کو اس گروہ کی شکایت کی تھی جس کا نوٹس لینے کے بعد فوری طور پر کارروائی کی گئی۔

ایف آئی اے ذرائع کے مطابق ملزمان کو ٹریس کرنے اور ان کے خلاف کوئی ٹھوس شواہد حاصل کرنے میں مشکل پیش آئی لیکن بالآخر اس گروہ کو گرفتار کر لیا گیا۔ ایف آئی اے کے سائبر کرائم ونگ نے کارروائی کے دوران ملزمان سے موبائل فونز اور لیپ ٹاپس بھی برآمد کر لیے جبکہ ملزمان سے تفتیش کا سلسلہ بھی شروع کر دیا گیا ہے۔