ابھی مریم نوازکو سیاست کا قانونی حق حاصل نہیں، پرویز رشید

جب ان کو مقدمات میں انصاف مل گیااور ان کی پہلے والی پوزیشن بحال ہوگئی، تو وہ سیاست میں فعال ہوجائیں گی۔ن لیگی رہنماء سینیٹر پرویز رشید کی گفتگو

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ پیر 11 فروری 2019 16:29

ابھی مریم نوازکو سیاست کا قانونی حق حاصل نہیں، پرویز رشید
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔11 فروری2019ء) پاکستان مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنماء سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ ابھی مریم نوازکو سیاست کا قانونی حق حاصل نہیں، جب ان کو مقدمات میں انصاف مل گیااور ان کی پہلے والی پوزیشن بحال ہوگئی، تو وہ سیاست میں فعال ہوجائیں گی۔انہوں نے نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگومیں چوہدری نثار کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے پارٹی سے تعلق توڑ لیا ہے۔

اس لیے ان کو نہیں معلوم کہ اب پارٹی انقلابی اور نظریاتی پارٹی بن چکی ہے۔ اگر ان کی میرے بارے میں چارج شیٹ ہے توانہیں بتانا چاہیے کہ وہ کس کے معاملات کے ساتھ طے کروانے کی کوشش کررہے تھے۔مریم نوازکے ابھی عدالت میں مقدمے چل رہے ہیں، ایک مقدمے میں ان کوسزا ہوچکی ہے اور ان کو نااہل بھی قرار دیا جاچکا ہے۔

(جاری ہے)

اس لیے وہ چاہتی ہیں کہ ان کو زیرٹرائل مقدمات میں انصاف بھی مل جائے اور ا ن کی پہلے والی پوزیشن بھی بحال ہوجائے۔

انہوں نے واضح کیا کہ ابھی تو ان کو قانونی طور پر سیاست کرنے کا حق ہی حاصل نہیں ہے، اسی لیے وہ خاموش ہیں۔جب ان کو مقدمات میں انصاف مل گیا تو وہ سیاست میں فعال ہوجائیں گی۔ مزید برآں میڈیا سے گفتگو میں مسلم لیگ (ن) کے رہنماء پرویز رشید نے عدلیہ پر الزامات لگانے والوں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ چیف جسٹس ن لیگ اور عدلیہ پر ڈیل کی باتیں کرنے والے وزراء کو طلب کریں۔

پرویز رشید نے کہا کہ وزراء سے پوچھا جائے عدالتوں پر کیوں الزام لگارہے ہیں۔رہنما ن لیگ نے کہا کہ عدلیہ پر ڈیل کے الزامات توہین عدالت ہے۔ واضح رہے ن لیگ کی مرکزی رہنماء مریم نواز کو ان کے والد سابق وزیراعظم نوازشریف کے ساتھ ایون فیلڈ ریفرنس میں احتساب عدالت سے سزا ملنے پر انہیں اڈیالہ جیل قید کردیا گیا تھا۔ ایون فیلڈ ریفرنس میں مریم نواز کے شوہر کیپٹن ر صفدر کو بھی قید کی سزا سنائی گئی تھی۔

تاہم اسلام آباد ہائیکورٹ نے تینوں کی سزائیں کالعدم قرار دیتے ہوئے ان کو ضمانت پر رہا کردیا تھا۔ لیکن مریم نواز نے اپنے والد نوازشریف کو دوسرے ریفرنس العزیزیہ میں سزا ہونے کے بعد فی الحال سیاست سے کنارہ کشی اختیار کررکھی ہے۔ اسی طرح مریم نواز اپنی والدہ کی وفات کے بعد بھی شدید صدمے سے دوچار ہیں۔