ممتاز گلوکارہ شبنم مجید کا نیا ویڈیو گانا ’’جد میں تینوں یاد کراں لمبے لمبے ساہ بھراں‘‘ ریلیز کردیا گیا

موسیقی میں کامیابی سینئرز کی رہنمائی سے ہی ممکن ہے، استاد نصرت فتح علی، استاد طالب حسین اور نظر حسین نے قدم قدم پر بھرپور رہنمائی کی، شبنم مجید

پیر 11 فروری 2019 17:46

ممتاز گلوکارہ شبنم مجید کا نیا ویڈیو گانا ’’جد میں تینوں یاد کراں ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 فروری2019ء) موسیقار خاندان سے تعلق رکھنے والی 7 سال کی عمر میں موسیقی کے میدان میں اپنا منفرد مقام بنانے والی ممتاز گلوکارہ شبنم مجید کا نیا ویڈیو گانا ’’جد میں تینوں یاد کراں لمبے لمبے ساہ بھراں‘‘ ریلیز کردیا گیا۔ سانگ کے کمپوزر آصف خان اور ریکارڈنگ ٹوم ریکارڈنگ نے کی ہے۔ ویڈیو یوکے میں ترتیب دی گئی ہے جبکہ ان کے گانے ’’دل چیز ہے کیا جاناں، انار کلی، بس عشق محبت اپنا پن، مجسمہ سے پہلی سی محبت، میرے محبوب نہ مانگ، تیری جیوے جوانی، گال سن وے‘‘ سپر ہٹ گانے ثابت ہوئے ہیں اور ’’جاگی جاگی راتیں ہیں‘‘ جسے شبنم مجید نے خود لکھا اور کمپوزنگ بھی خود کی ہے، عوام میں بے حد پسند کیا جارہا ہے۔

ایک سوال کے جواب میں شبنم مجید نے کہا کہ موسیقی میں کامیابی سینئرز کی رہنمائی سے ہی ممکن ہے۔

(جاری ہے)

استاد نصرت فتح علی خان، استاد طالب حسین اور استاد نظر حسین نے قدم قدم پر رہنمائی کی ہے۔ پی ٹی وی سے کیئریئر کا آغاز کیا ۔ بے شمار مقبول ڈراموں میں ٹائٹل سانگ کیے ہیں۔ صدارتی ایوارڈ اور پی ٹی وی ایوارڈ سمیت میوزک انڈسٹری کے نامور ایوارڈز رب کی کرم نوازی ہے۔

45 سے زائد نعتوں کی سی ڈیز بھی سامعین نے پسند کی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پرانے گانے اپنی جاندار شاعری کی وجہ سے آج بھی بے حد مقبول ہیں۔ وقار علی، ایم ارشد، استاد واجد علی، استاد طافو خان، موسیقی کی دنیا کے انمول ستارے ہیں۔ ملک میں موسیقی کا بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے۔ پڑوسی ملک بھارت کی فلموں میں پاکستانی گلوکاروں کو ترجیح دی جاتی ہے۔

پاکستانی فلموں میں بھی وطن عزیز کے گلوکار اہم کردار ادا کررہے ہیں۔ جونیئرز سے محبت کرتی ہوں اور ان کی ہر سطح پر مدد اور رہنمائی کی جاتی ہے۔ اسٹریٹ چلڈرن کیلئے الحمرا آرٹس کونسل کے تعاون سے میوزک سکھانے کیلئے موسیقی کی کلاسز بھی ترتیب دی تھی اور مزید مقامی نجی چینلز سے نیو ٹیلنٹ کیلئے ایک شو کا انعقاد کیا جارہا ہے جس سے نئے ٹیلنٹ کو اپنے جوہر دکھانے کا موقع میسر آئے گا۔ شاہ رخ خان اور سلمان خان بھی میری موسیقی کو پسند کرتے ہیں۔ سلمان خان نے موبائل کی رنگ ٹون پر میرا گانا فکس کیا ہوا ہے۔ پنجابی، سرائیکی، سندھی، اردو و دیگر زبانوں میں بھی گانے گائے۔ یو اے ای، یو کے، یو ایس اے سمیت دنیا بھر کے مختلف ممالک میں پرفارم کرچکی ہوں۔