سندھ ہائی کورٹ ،عزیر بلوچ سے اہل خانہ کی ملاقات کرانے کا حکم،اٹارنی جنرل اس کے لئے انتظامات کریں

پیر 11 فروری 2019 17:46

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 فروری2019ء) سندھ ہائی کورٹ نے لیاری گینگ وار کے سرغنہ عزیرجان بلوچ کی اہل خانہ سے ملاقات کا حکم دیتے ہوئے کہاہے کہ اٹارنی جنرل اس کے لئے انتظامات کریں۔پیرکوسندھ ہائی کورٹ میں عزیر بلوچ کی والدہ کی درخواست پرسماعت ہوئی، جہاں عدالت نے حکم دیا کہ ملزم عزیر بلوچ کو اہل خانہ سے کم از کم ایک یا آدھے گھنٹے کیلئے ملنے دیا جائے، جس پر ڈپٹی اٹارنی جنرل سندھ نے عدالت کو بتایا کہ ملاقات کیلئے ملزم کے اہل خانہ درخواست دیںگے تو اس پر عمل کرینگے۔

جس پر عدالت نے عزیر بلوچ کے وکیل کو اٹارنی جنرل آفس میں درخواست دینے کی ہدایت کی ہے۔واضح رہے کہ بائیس جنوری کو عزیر بلوچ کے وکیل نے عدالت میں استدعا کی تھی کہ انسانی بنیادوں عزیر بلوچ کی ماں اور ان خاندان سے ملاقات کرائی جائے جس پر عدالت نے وفاقی حکومت سے ملاقات سے متعلق جواب طلب کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت 11 فروری تک کے لیے ملتوی کردی تھی۔

(جاری ہے)

لیاری گینگ کے سرغنہ عزیر بلوچ کی والدہ کی جانب سے سندھ ہائیکورٹ میں دائر کی گئی تھی،درخواست گزار رضیہ بیگم کا کہنا تھا کہ جنوری 2016 میں عزیر بلوچ کی گرفتاری ظاہر کی گئی تھی،ملزم کے خلاف چالیس سے زائد مقدمات میں چالان پیش کیا گیا تھا جبکہ ملزم کو 12 اپریل 2017کے بعد عدالت میں پیش نہیں کیا گیا ،خدشہ ہے عزیر بلوچ کو لاپتا کردیا گیا، لہذااسے عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا جائے۔