Live Updates

پی ٹی وی کے منیجنگ ڈائریکٹر کے خلاف ملازمین کا دھرنا آٹھویں روز میں داخل

انتقامی کاروائیوں سے ڈرنے والے نہیں ،اصولی موقف پر ڈٹے رہیں گے،پرویز اختر بھٹی ارشد خان نے ملازمین کے حقوق پر ڈاکہ ڈالنا شروع کر دیا ہے۔ جنرل سیکرٹری سی بی اے یونین

پیر 11 فروری 2019 22:18

پی ٹی وی کے منیجنگ ڈائریکٹر کے خلاف ملازمین کا دھرنا آٹھویں روز میں ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 11 فروری2019ء) پاکستان ٹیلی وژن کے منیجنگ ڈائریکٹر کی آمرانہ پالیسیوں کے خلاف ملازمین کا دھرنا آٹھویں روز بھی جاری رہا۔پی ٹی وی ایمپلائز یونین سی بی اے کے اعلان پر شروع ہونے والے دھرنے میں ملازمین کی تعداد میں روز بروز اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔ادارے کی انتظامیہ کی طرف سے ملازمین کی مراعات پر قدغن لگانے اور مشکلات میں اضافہ کرنے کے خلاف یہ احتجاج کیا جا رہا ہے۔

دوسری طرف پی ٹی وی انتظامیہ نے سی بی اے یونین کے مرکزی عہدیداروں سمیت پچاس سے زائد افراد کی معطلی کے احکامات جاری کیے ہیں۔سی بی اے یونین کے جنرل سیکرٹری پرویز اختر بھٹی نے کہا ہے کہ اس طرح کی انتقامی کاروائیوں سے ہمارے حوصلوں کو پست نہیںکیا جا سکتا۔

(جاری ہے)

ہم اپنے اصولی موقف سے ایک انچ بھی پیچھے ہٹنے کو تیار نہیں۔این آئی آر سی کی طرف سے پی ٹی وی ملازمین کے خلاف کسی بھی قسم کی کاروائی نہ کرنے کے واضح احکامات کے باوجود ملازمین کو نشانہ بنانے والے انتظامی افسران کو بھی عدالت کے کٹہرے میں لا کر جائیں گے۔

پی ٹی وی کے منیجنگ ڈائریکٹر ارشد خان بغیر کسی نوٹیفیکیشن کے ادارے کی اعلی انتظامی پوسٹ پر قابض ہیں۔پی ٹی وی کو نفع بخش بنانے کے لیے انہوں نے مارکیٹنگ کو مستحکم کرنے کی بجائے ملازمین کے حقوق پرڈاکہ ڈالنا شروع کر دیا ہے۔پی ٹی وی کی تاریخ میں نااہلی کی اس سے بدترین مثال نہیں ملتی۔انہوں نے کہا کہ خود ساختہ ایم ڈی کی اس قومی ادارے میں قطعاًً گنجائش نہیں ہے۔پی ٹی وی ایمپلائز کے لیے کوئی ایسا شخص قابل قبول نہیں جو ملازمین کے مفادات کے منافی اقدامات کو فرض منصبی سمجھتا ہو۔انہوںنے وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین اور وزیر اعظم عمران خان سے پی ٹی وی ملازمین کے مسائل کو حل کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات