پاکستان میں سرمایہ کاروں کے لیے بڑی خوشخبری

سرمایہ کاروں کو تحفظ اور بہترسہولیات کی فراہمی کے لیے حکومت نے اقدامات شروع کر دئے

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین منگل 12 فروری 2019 10:31

پاکستان میں سرمایہ کاروں کے لیے بڑی خوشخبری
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 12 فروری 2019ء) : پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے سرمایہ کاروں کو تحفظ اور سہولیات کی فراہمی کے لیے اقدامات کرنا شروع کر دئے ہیں۔ یہ اقدامات غیر ملکی سرمایہ کاروں کو بہترین تحفظ دینے اور ان کو بہترین سہولیات دینے کے لیے کیے جا رہے ہیں۔ قومی اخبار میں شائع ایک رپورٹ کے مطابق باہر سے آنے والی ایسی قوتیں جو پاکستان کی خوشحالی کے خلاف کام کر رہی ہیں ان کے خلاف کاروائیاں تیز کرنے کے حوالے سے بھی اہم اداروں نے کام پہلے سے بھی زیادہ تیز کر دیا ہے۔

اس حوالے سے باوثوق ذرائع نے بتایا کہ پاکستان کے اندر آئندہ چند ماہ میں بڑے پیمانے پر غیر ملکی سرمایہ کاری ہو گی جس کے لیے غیر ملکی سرمایہ کاروں نے اپنا کام شروع کرنے کا فیصلہ بھی کر لیا ہے۔

(جاری ہے)

اس حوالے سے ملک کے حساس اداروں اور پولیس کی سفارشات پر خصوصی ونگز بنائے جا رہے ہیں جو کسی بھی غیر ملکی سرمایہ کار کو قانونی، جانی اور مالی تحفظ دینے کے لیے کام کریں گے ۔

با وثوق ذرائع کے مطابق اس ضمن میں حکومتی سطح پر بھی باقاعدہ بڑے غیر ملکی سرمایہ کار گروپوں کو نہ صرف یقین دہانی کروائی گئی بلکہ بریفنگ بھی دی گئی ہے، یہی وجہ ہے کہ سعودی عرب ، متحدہ عرب امارات، ترکی، ملائشیا، قطر اور دیگر ممالک کی بڑی سرمایہ دار کمپنیوں نے پاکستان میں اپنی انوسٹمنٹ کرنے کی آمادگی ظاہر کی ہے۔ با وثوق ذرائع نے بتایا کہ موجودہ حکومت اور اہم ترین اداروں نے ان رپورٹس کی روشنی میں، جس میں اہم اداروں نے ثبوت دیئے ہیں کہ کچھ غیر ملکی قوتیں پاکستان کے اندر اپنے آلہ کاروں کے ذریعے غیر ملکی سرمایہ کاروں کو روکنے اور ان کے لیے پوری فضا پیدا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، اس کوشش کو ناکام کرنے کے لیے نہ صرف کام شروع کر رکھا ہے بلکہ ان کے خلاف سخت ترین اقدامات کرنے کے لیے بھی کام کا آغاز کر دیا گیا ہے۔