دمام: سوتیلی ماں نے 6 سالہ بیٹی کا سر تن سے جُدا کر دیا

ظالم خاتون مقتول بچی کو اسکول سے دھوکے سے گھر لے آئی تھی

Muhammad Irfan محمد عرفان منگل 12 فروری 2019 10:56

دمام: سوتیلی ماں نے 6 سالہ بیٹی کا سر تن سے جُدا کر دیا
دمام(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔12فروری 2019ء) سعودی عرب میں چند دِن پہلے ایک ایسا واقعہ پیش آیا تھا جس نے تمام مملکت میں خوف اور سوگ کی کیفیت طاری کر دی تھی۔ چند روز پہلے پیش آنے والے اس واقعے میں ایک شقی القلب شخص نے دِن دیہاڑے سرِ بازارچھ سال کے لڑکے کی گردن نوکدار شیشے کے وار سے دھڑ سے الگ کر دی تھی۔ دعویٰ یہی کیا جاتا رہا کہ یہ شخص مقتول بچے کا والد تھا۔

اسی نوعیت کا ایک اور واقعہ پیش آیا ہے جس سے سعودی عوام اور غیر مُلکیوں میں خوف و ہراس کی لہر دوڑ گئی ہے۔ وزارت داخلہ نے بتایا ہے کہ ایک سعودی خاتون عیدہ بنت شامان بن بنیہ الراشدی نے اپنی سوتیلی بیٹی کو تیز دھار آلے سے موت کے گھاٹ اُتار دیا ہے۔یہ خاتون اپنی سوتن سے بہت زیادہ حسد کرتی تھی۔ اپنی سوتن کو عمر بھر کی اذیت میں مبتلا کرنے کے لیے اس نے ایک شیطانی منصوبہ تشکیل دیا۔

(جاری ہے)

عیدہ دوپہر کے وقت اپنی سوتیلی بچی کے سکول گئی اور انتظامیہ سے کہا کہ وہ اُسے اپنے گھر لے جانا چاہتی ہے۔بچی نے بھی اسکول والوں کو بتایا کہ یہ اُس کی سوتیلی والدہ ہیں، وہ اُنہیں بہت اچھی طرح جانتی ہے۔ اس پر اسکول والوں نے بچی کے آئندہ بھیانک انجام سے بے خبراُس کی سوتیلی ماں کے حوالے کر دیا۔ گھر جاتے ہی جلاپے کی شکار خاتون نے ایک تیز دھار آلہ لے کر بچی پر حملہ آور ہوئی۔

معصوم بچی سوتیلی ماں کے آگے بے پناہ گڑگڑائی، بڑی منتیں کیں، اپنا قصور بھی پُوچھا۔ مگر انسانیت کے نام پر دھبہ اس سعودی خاتون کے دِل میں رحم کی ایک رمق بھی نہ جاگی۔ اس نے ننھی بچی کی گردن پر تیز دھار آلہ چلا کر اُسے زندگی کی ساری توانائیوں اور خوشیوں سے محروم کر دیا۔ سوتیلی خاتون نے بچی کی لاش کو چھُپانے کی کوشش کی۔ مگر بچی کی اصلی ماں نے بچی کی گمشدگی کا پہلا شُبہ اپنی سوتن پر ظاہر کیا۔

پولیس نے چھاپہ مار کر عیدہ نامی خاتون کو گرفتار کر لیا اور لاش بھی برآمد کر لی۔ سعودی عوام اس واقعے پر بہت رنجیدہ اور مشتعل تھے۔ جس پر عدالت میں بے رحم خاتون پر قتل کا مقدمہ چلا کر اُسے موت کی سزا سُنائی گئی۔ سوموار کے روز الاحساء میں سعودی خاتون کا سر دھڑ سے الگ کر کے اُسے عبرت کا نشان بنا دیا گیا۔