بالی وڈ کے ولن مہیش آنند کی پُر اسرار طور پر ہلاکت

مہیش آنند اپنے فلیٹ میں مُردہ حالت میں پائے گئے

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین منگل 12 فروری 2019 12:15

بالی وڈ کے ولن مہیش آنند کی پُر اسرار طور پر ہلاکت
ممبئی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 12 فروری 2019ء) : بالی وڈ کی متعدد معروف فلموں میں بڑے سے بڑے اسٹارز اور ہیروز کو رُلانے والے ولن مہیش آنند اپنے فلیٹ میں مردہ حالت میں پائے گئے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ مہیش آنند کی لاش دو دن پرانی ہونے کی وجہ سے خراب حالت میں تھی جسے فوری طور پر پوسٹ ماٹم کے لئے اسپتال منتقل کر کے ان کی پُر اسرار ہلاکت کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے ۔

مہیش آنند کے قریبی ذرائع کے مطابق مہیش گذشتہ کئی سالوں سے اکیلے فلیٹ میں رہائش پذیر تھے اور بے روزگار ہونے کی وجہ سے مالی طور پر پریشان اکثر پریشان رہتے تھے ۔ انہوں نے 15 سال بعد انہوں نے گووندا کی رواں سال ریلیز ہونے والی فلم ’رنگیلا راجہ‘ میں بھی کام کیا تھا جو گذشتہ ماہ ہی ریلیز ہوئی تھی۔ مہیش آنند ازدواجی زندگی میں ناکامی کے بعد کافی مایوس اور پریشان تھے اور یہی وجہ تھی کہ وہ گذشتہ کئی سالوں سے اپنے ایک فلیٹ میں تنہا زندگی گزار رہے تھے۔

(جاری ہے)

57 سالہ مہیش آنند نے 1980ء اور 1995ء تک متعدد بالی وڈ فلموں میں کئی سینئیر اداکاروں کے ساتھ کام کیا اور اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے۔ مہیش آنند نے زیادہ تر فلموں میں ولن کے کردار ادا کیے۔ مہیش آنند نے امیتابھ بچن، سنجے دت، گووندا، اکشے کمار اور اجے دیوگن سمیت دیگر ہیروز کی فلموں میں شاندار اداکاری کے جوہر دکھائے۔ مہیش آنند نے اگرچہ زیادہ تر منفی کردار ادا کیے، تاہم وہ چند فلموں میں مثبت کرداروں میں بھی نظر آئے تھے۔

مہیش آنند زیادہ تر معاون اداکار کے طور پر فلموں میں نظر آتے تھے۔ مہیش آنند کی پُر اسرار موت پر خیال کیا جا رہا ہے کہ شاید انہوں نے حالات زندگی سے تنگ آ کر خود ہی اپنی زندگی کا خاتمہ کر لیا ہو، البتہ پولیس کا کہنا ہے کہ پوسٹمارٹم رپورٹ آنے کے بعد ہی ان کی موت کی حتمی وجہ معلوم ہو سکے گی۔

متعلقہ عنوان :