ملا عبد الغنی برادر نے امیر ہبت اللہ کی ہدایت پر امریکہ کیساتھ مذاکرات کیلئے 13رکنی ٹیم تشکیل دیدی

طالبان اور امریکہ کے درمیان قطر میں آئندہ مذاکرات 25فروری کو شروع ہونگے، ترجمان ذبیح اللہ مجاہد مذاکراتی ٹیم میں افغانستان میں قید اور نائب سربراہ سراج الدین حقانی کے چھوٹے بھائی مولوی انس حقانی بھی شامل

منگل 12 فروری 2019 15:10

ملا عبد الغنی برادر نے امیر ہبت اللہ کی ہدایت پر امریکہ کیساتھ مذاکرات ..
کابل (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 فروری2019ء) افغان طالبان سیاسی کمیشن کے سربراہ ملا عبد الغنی برادر نے امیر مولوی ہبت اللہ کی ہدایت پر امریکہ کے ساتھ مذاکرات کیلئے 13رکنی ٹیم تشکیل دیدی ہے ۔ طالبان ترجمان ذبیح اللہ مجاہد کی جانب سے جاری کئے گئے بیان میں کہاگیاکہ نئی ٹیم امریکہ کے ساتھ مذاکرات کا سلسلہ جاری رکھے گی۔یاد رہے کہ طالبان اور امریکہ کے درمیان قطر میں آئندہ مذاکرات 25فروری کو شروع ہونگے ۔

طالبان ترجمان کے مطابق امریکہ کے ساتھ اب تک ہونے والی مذاکرات اچھے رہے ہیں ۔نئی نامزدہ کردہ ٹیم کے ارکان میں شیر محمد عباس ستانکزئی ، مولوی ضیاء الرحمن مدنی ،مولوی عبد السلام حنفی ،مولانا شیخ شہاب الدین ، ملا عبد الطیف منصور ، ملا عبد المنان عمری،مولوی امیر خان متقی ، ملا محد فاضل مظلوم ، ملا خیر اللہ خیر خواہ ، مولوی مطیع الحق ، ملا محمد انس حقانی ، ملا نور اللہ نوری اور ملا عبد الحق وثیق شامل ہیں ۔

(جاری ہے)

نئی ٹیم میں مولوی انس حقانی بھی شامل ہیں جو اس وقت افغانستان میں قید ہیں اور طالبان کے ترجمان نے کہاہے کہ وہ ایک طالبعلم تھے وہ کسی ایسی سرگرمی میں ملوث نہیں تھے جس کی بنیاد پر انہیں گرفتار کیا گیا ۔انس حقانی افغان طالبان کے نائب سربراہ سراج الدین حقانی کے چھوٹے بھائی ہیں جنہیں امریکی اہلکاروں نے اکتوبر 2014ء میں اس وقت گرفتار کیا تھا جب وہ قطر میں گوانتا نامو جزیرے میں امریکی جیل سے رہائی پانے والے پانچ سینئر طالبان رہنمائوں سے ملاقات کیلئے گئے تھے ۔طالبان نے اس وقت کہا تھاکہ انس حقانی کو بحرین ائیر پورٹ سے گرفتار کیا گیا ۔ افغان میڈیا نے 2016ء میں کہا تھا کہ انہیں ایک عدالت نے پھانسی کی سنائی تھی ۔