Live Updates

شاہ محمود قریشی کی وزیر اعلیٰ پنجاب بننے کی خواہش وزیراعظم عمران خان نے مسترد کر دی

شاہ محمود قریشی نے پی پی 218 کے ضمنی انتخاب میں حصہ لینے کی خواہش ظاہر کی تھی

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین منگل 12 فروری 2019 15:50

شاہ محمود قریشی کی وزیر اعلیٰ پنجاب بننے کی خواہش وزیراعظم عمران خان ..
لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 12 فروری 2019ء) : وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی وزیراعلیٰ ہاؤس پنجاب میں داخل ہونے کی خواہش پوری نہ ہو سکی۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے شاہ محمود قریشی کی وزیراعلیٰ ہاؤس پنجاب میں انٹری کی خواہش مسترد کر دی۔ شاہ محمود قریشی نے پی پی 218 ملتان کے ضمنی انتخاب میں حصہ لینے کی خواہش ظاہر کی تھی لیکن وزیراعظم عمران خان نے اس خواہش کو مسترد کر دیا۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان وزیر خارجہ کے طور پر شاہ محمود قریشی کی کارکردگی سے بے حد خوش ہیں ، یہی وجہ کہ انہوں نے شاہ محمود قریشی کو وفاق میں ہی رہنے کا کہا ہے۔ شاہ محمود قریشی پی پی 218 ملتان سے ضمنی انتخاب میں حصہ لے کر پنجاب کی سیاست میں ایکٹو ہونا اور وزیراعلیٰ بننا چاہتے تھے لیکن ان کی یہ خواہش مسترد کر دی گئی۔

(جاری ہے)

وزیراعظم عمران خان نے پی پی 218 ملتان کے ضمنی انتخاب کے لیے ٹکٹ دینے کا اختیار شاہ محمود قریشی کو ہی دے دیا ہے۔

جبکہ شاہ محمود قریشی کے بیٹے زین قریشی کو بھی 3 مختلف کمیٹیوں کا رکن بنایا گیا۔ واضح رہے کہ 2018ء میں ہونے والے عام انتخابات میں شاہ محمود قریشی نے اپنی انتخابی مہم میں بارہا کہا تھا کہ میں صوبائی اسمبلی کی نشست پرکامیابی حاصل کر کے وزیراعلیٰ بنوں گا اور عوام کے تمام مسائل حل کروں گا لیکن بد قسمتی سے شاہ محمود قریشی صوبائی اسمبلی کی نشست ہار گئے تھے۔ یاد رہے کہ عام انتخابات میں شاہ محمود قریشی نے صوبائی نشست پی پی 217 سے الیکشن لڑا تھا جس میں ان کے مد مقابل اُمیدوار محمد سلمان نے انہیں شکست دے دی تھی جس کے بعد شاہ محمود قریشی کا پنجاب کی سیاست میں قدم رکھنے کا خواب چکنا چور ہو گیا اور انہیں وزارت خارجہ کا قلمدان سونپ دیا گیا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات