پی ایس ایل کے چوتھے ایڈیشن کی ٹرافی کی تقریب رونمائی

پی ایس ایل ٹرافی پاکستان کی ثقافت اور روایات کے ساتھ اس کے مستقبل کی عکاس ہے:احسان مانی

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب منگل 12 فروری 2019 16:29

پی ایس ایل کے چوتھے ایڈیشن کی ٹرافی کی تقریب رونمائی
دبئی(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔12 فروری 2019ء) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل)کے چوتھے ایڈیشن کی ٹرافی کی تقریب رونمائی کردی گئی، تمام ٹیموں کے کپتانوں اور مہمانوں نے ٹرافی کے ساتھ تصاویر بھی بنوائیں۔ٹرافی کی رونمائی سے قبل تمام ٹیموں کے کپتانوں نے چیئرمین پی سی بی احسان مانی اور منیجنگ ڈائریکٹر وسیم خان کے ہمراہ پریس کانفرنس کی۔اس موقع پر احسان مانی کا کہنا تھا کہ پاکستان سپر لیگ کا اب تک کا سفر شاندار ہے، ایونٹ کی کامیابی میں فرنچائز اونرز، سپانسرز اور سب سے زیادہ کردار کھلاڑیوں نے ادا کیا،3 سال میں پاکستان سپر لیگ پاکستان کا قومی فخر بن چکا ہے، اس لیگ کا مقصد نوجوان کھلاڑیوں کو اپنا ہنر دکھانے کا موقع دینا ہے، پی ایس ایل4 کی ٹرافی پاکستان کی ثقافت اور روایات کے ساتھ اس کے مستقبل کی عکاس ہے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ تین سال ان کی ٹیم قریب آکر بھی ٹائٹل نہیں جیت سکی ہے تاہم اس بار وہ پوری کوشش کریں گے کہ سفر کامیابی پر ختم ہو۔ ان کا مزیدکہنا تھا کہ پاکستان سپر لیگ سے قومی ٹیم کو بہت فائدہ ہوا اور شاداب خان ،فہیم اشرف ، حسن علی اور ان جیسے بہت سے کھلاڑی ملے۔ ملتان سلطانز کے کپتان شعیب ملک کا کہنا تھا کہ وہ تمام ٹیموں کو ایونٹ کے لیے بیسٹ آف لک کہنا چاہیں گے ، گزشتہ سال ملتان کی ٹیم اچھا کھیلی لیکن فنس نہیں کرسکی ،کوشش کریں گے کہ اس سال ہر میچ میں اپنا100فیصددیں۔

پشاور زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی کا کہنا تھا کہ ان کی ٹیم پی ایس ایل 4کے لیے تیار ہیں،اس بار ہر ٹیم اچھی ٹیم نظر آرہی ہے بالخصوص لاہور قلندرز۔کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم کا کہنا تھا کہ وسیم اکرم کے ہونے سے ان کی ٹیم کو بہت فائدہ ہوگا ۔ پریس کانفرنس کے بعد پشاور زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی، لاہور قلندرز کے محمدحفیظ ، کراچی کنگز کے عماد وسیم، ملتان سلطانز کے شعیب ملک اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان محمد سمیع نے مختلف ٹرافیوں کی رونمائی کی،پی ایس ایل 4 کی ٹرافی کی رونمائی کے بعد تمام ٹیموں کے کپتانوں نے اس کے ساتھ تصاویر بھی بنوائیں۔

یاد رہے کہ پاکستان سپر لیگ کی افتتاحی تقریب 14 فروری کو دبئی میں ہوگا اور اسی روز افتتاحی میچ لاہور قلندرز اور دفاعی چیمپئن اسلام آباد یونائیٹڈ کے درمیان کھیلا جائے گا۔