میری ٹائم کے شعبے میں مسلسل تربیت اہمیت کی حامل ہے، گورنرسندھ

نیِدرلینڈ کے ساتھ بھرپور باہمی تعاون کے ذریعہ اس شعبہ میں بہتر نتائج حاصل کیے جا سکتے ہیں، وفد سے ملاقات

منگل 12 فروری 2019 17:27

میری ٹائم کے شعبے میں مسلسل تربیت اہمیت کی حامل ہے، گورنرسندھ
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 فروری2019ء) گورنرسندھ عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ میری ٹائم کے شعبے میں جدید ٹیکنالوجی کا استعمال اہمیت کا حامل ہے کیونکہ اس سے نت نئے چیلنجز سے نمٹنے کے ساتھ ساتھ متعلقہ افسران اور عملہ کی صلاحیتوں میں بھی اضافہ ہوتا ہے اس ضمن میں دوست ممالک کے مندوبین دو طرفہ تعلقات کے مزید استحکام میں کلیدی کردار ادا کرسکتے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے نیدرلینڈ میری ٹائم ٹریڈ مشن کے اعزاز میں دئیے گے استقبالیہ سے خطاب میں کہی۔ اس موقع پر وفاقی وزیر برائے دفاعی پیداوار زبیدہ جلال ، نیدرلینڈ کی سفیر Ms Ardi Stoios-Braken ، پاک نیوی کے افسران اور دیگر متعلقین بھی موجود تھے۔ گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا ملکی سطح پر وفود کے تبادلے سے دوطرفہ تعلقات میں مزید مثبت اور موثر بہتری لائی جاسکتی ہے۔

(جاری ہے)

گورنر سندھ نے دہشت گردی کے خلاف جنگ اور عالمی امن کے قیام میں پاکستان کے کردار، سی پیک منصوبہ اور مضبوط مستحکم معیشت کے قیام کے لیے موجودہ حکومت کے اقدامات کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ایک ابھرتی ہوئی معیشت ہے جہاں میری ٹائم ، فشریز، اور دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کے وافر مواقع موجود ہیں ضرورت اس امر کی ہے کہ بیرونی سرمایہ کار پاکستان آئیں اور خود مشاہدہ کریں کہ آج کے پر امن پاکستان میں ہر شعبے میں سرمایہ کاری کی جاسکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ساحلی بیلٹ پر سیاحتی مقصد کے لیے سرمایہ کاری کی جاسکتی ہے۔ گورنر نے کہا کہ موجوہ حکومت نے پاکستان میں بیرونی سرمایہ کاری کے رجحان کو مزید فروغ دینے کے لیے ویزہ پالیسی میں تبدیلی کرتے ہوئے تقریبا 89 ممالک کو پاکستان میں ویزہ فری انٹری دی جبکہ دیگر ممالک کو بھی 10 دنوں کے اندر ویزہ کا اجراء ممکن بنایا جارہا ہے۔

گورنر سندھ نے کہا کہ آج کا نیا پاکستان زیادہ محفوظ اور معاشی طور پر مستحکم ہے، امن و امان ، غیر ملکی سرمایہ کاری کے ساتھ ساتھ سماجی ، معاشی، اقتصادی اور کھیلوں کی سرگرمیوں میں اضافہ ہورہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں امن و امان کے لئے رینجرز ، پولیس و دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے بے مثل قربانیاں دی ہیں یہی وجہ ہے کہ سیاسی و عسکری قیادت پر عزم ہے کہ ان کی قربانیوں کو کسی صورت ضائع نہیں ہونے دیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ معاشی و اقتصادی شعبہ کے فعال کردار اور تجارتی و کاروباری سرگرمیوں کو بڑھانے کے لئے وفاقی حکومت ہر ممکن تعاون فراہم کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبہ کی تکمیل سے پاکستان میں خوشحالی کے نئے دور کا آغاز ہوگا۔ منصوبہ میں گوادر اور کراچی کو عالمی تجارت میں مرکزی اہمیت حاصل ہوگی، کراچی اپنی استعداد کے لحاظ سے سرمایہ کاری کے لئے پرکشش حیثیت کا حامل شہر ہے ، سی پیک منصوبہ پاکستانی معیشت میں گیم چینجر کی حیثیت رکھتا ہے اس منصوبے میں دگر ممالک نے بھی نے بھی دلچسپی ظاہر کی ہے جو کہ خوش آئند امر ہے، اس منصوبے سے عالمی سطح پر پاکستان کا مثبت امیج ابھر رہا ہے، منصوبے کی تکمیل کے بعد تیز ترین معاشی ترقی یقینی ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ نیدرلینڈ پاکستان کا نہایت قریبی دوست ہے، دونوں ممالک کے درمیان گرمجوشی پر مبنی تعلقات ہیں جن کی بنیاد باہمی احترام پر مبنی ہے۔ نیدرلینڈ کی سفیر نے کہا کہ ڈچ حکومت باہمی تجارت اور سرمایہ کاری کو مزید فروغ دینے کی خواہاںہے۔ انہوں نے کراچی اور گوادر پورٹس کی بہتری کے لیے ڈچ پروڈکز کی فراہمی میں میں بھی دلچسپی کا اظہار کیا۔