فروری کے پہلے عشرے کے دوران مہنگائی کی شرح میں 0.29 فیصد اضافہ

کم آمدنی والے طبقے کے لئے قیمتوں کے حساس اشاریے میں 0.35 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا‘پاکستان بیور و شماریات

منگل 12 فروری 2019 17:27

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 فروری2019ء) رواں مالی سال کے آٹھویں ماہ (فروری)کے پہلے عشرے کے دوران مہنگائی کی شرح میں 0.29 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا جبکہ کم آمدنی والے طبقے کے لئے قیمتوں کے حساس اشاریے میں 0.35 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔پاکستان بیور و شماریات کے اعداد و شمار کے مطابق 10 فروری کو ختم ہونے والے ہفتے کے دوران ٹماٹر، آلو، پیاز ،کیلے، گندم، آٹا ،دال ماش،چنے کی دال ،مسٹرڈ آئل ،مٹن ،بیف، ویجی ٹیبل گھی ،چینی ،سمیت 12 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ۔

(جاری ہے)

زندہ مرغی، انڈے، گڑ ،لہسن ،خوردنی تیل، دال مونگ ،دال مسور ،چائے، سرخ مرچ ،پیٹرول ،ہائی سپیڈ ڈیزل، ایل پی جی ، سمیت 13اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی۔ادارہ شماریات کے مطابق مٹی کاتیل ،گیس نرخ ،بجلی کے نرخ ،نمک ،روٹی سادہ ، تازہ دودھ ، دھی،ملک پاڈر،باسمتی چاول ،اری چاول ،سگریٹ ، صابن ، سمیت 28 اشیائے کی قیمتوں میں استحکام رہا۔ادارہ شماریات کے مطابق گزشتہ ہفتہ کے مقابلے میں 8 ہزار تا 12ہزار ، 12ہزار تا 18ہزار، 18ہزار تا 35 ہزار اور 35ہزار روپے سے زائد آمدنی والے افراد کے گروپوں کیلئے قیمتوں کے حساس اعشاریے میں بالترتیب 0.33، 0.34 ،0.30 اور 0.25 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔