ٹور ڈی کراچی گوادر سائیکل ریس کو سالانہ کیلنڈر کا حصہ بنایا جائے گا، شہریار آفریدی

منشیات فروشوں اور ان کے سر پرستوں کا پاتال تک پیچھا کرکے کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا،وزیر مملکت برائے داخلہ کی کلیم اعوان سے گفتگو

منگل 12 فروری 2019 17:53

ٹور ڈی کراچی گوادر سائیکل ریس کو سالانہ کیلنڈر کا حصہ بنایا جائے گا، ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 فروری2019ء) منشیات فروش دہشت گرد ہیں اور ان دہشت گردوں کا پاتال تک پیچھا کیا جائے گا اور ان کو انتہائی عبرت ناک کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا ۔یہ میرا وعدہ ہے کہ پاکستان کو منشیات سے پاک رکھنے کیلئے دن رات کام کرکے منشیات کے خلاف کام کرنے والی فورسز اور سماجی رضا کاروں کو ہر ممکن امداد فراہم کی جائے گی۔

یہ بات وزیر مملکت برائے داخلہ و انسداد منشیات شہریار خان آفریدی نے 35سال سے کامیابی کے ساتھ مشن نارکوٹکس فری پاکستان جاری رکھنے والے چیف آرگنائزاور کراچی وسندھ سائیکلنگ ایسو سی ایشن کے جنرل سیکریٹری ملک کلیم احمد اعوان سے خصوصی ملاقات کرتے ہوئے کہی۔ انہوںنے پر جوش انداز میں کلیم اعوان کوگلے لگاتے ہوئے کہا کہ کلیم اعوان کی منشیات کے خلاف 35سالہ جدوجہد کو ضائع نہیں ہونے دیا جائے گا۔

(جاری ہے)

وزیر مملکت نے کلیم اعوان کو یقین دلایا کہ کراچی تا گوادر ہونے والی ٹورڈی سائیکل ریس کو سالانہ کیلنڈر کا حصہ بنا یا جائے گا۔انہوںنے کلیم اعوان کو سپورٹ کرنے پر پاکستان آرمی ،پاکستان کوسٹ گارڈ اور اینٹی نارکوٹکس فورس کے کردار پر خوشی کا اظہار کیا اور کہاکہ انشاء اللہ کلیم اعوان کے حوصلوں کو بکھرنے نہیں دیا جائے گا اور جوکام کلیم اعوان منشیات کے خلاف تعلیمی اداروں میں اسپورٹس کے زریعہ مشنری انداز میں جارہی رکھے ہوئے ہیں وہ اپنی مثال آپ ہے۔ تمام والدین اور نوجوانوں کو چاہیے کہ وہ منشیات کے خلاف جہاد میں شامل ہوں تاکہ پاکستانی فورسز منشیات کے خلاف اپنے مشن میں کامیا ب ہو کیونکہ عوام کے تعاون کے بغیر کوئی بھی مشن پایہ تکمیل تک نہیں پہنچ سکتا۔