اساتذہ کوتبادلوں کیلئےرشوت نہیں دینی پڑےگی، وزیرتعلیم کی خوشخبری

سکولوں میں تبادلوں کیلئے آٹومیٹک ٹرانسفرپالیسی لیکرآرہے ہیں، پنجاب بھرمیں اساتذہ کیلئے اپریل اور مئی میں تبادلوں سے پابندی اٹھا دیں گے۔ وزیرتعلیم پنجاب مراد راس کی پریس کانفرنس

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ منگل 12 فروری 2019 18:06

اساتذہ کوتبادلوں کیلئےرشوت نہیں دینی پڑےگی، وزیرتعلیم کی خوشخبری
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔12 فروری2019ء) وزیرتعلیم پنجاب مراد راس نے اساتذہ کو تبادلوں سے متعلق خوشخبری سناتے ہوئے کہا ہے کہ اپریل اور مئی میں تبادلوں سے پابندی اٹھا دیں گے، تبادلوں کیلئے آٹو میٹک الیکٹرانک ٹرانسفرپالیسی لیکر آرہے ہیں، تبادلے کیلئے کسی کو رشوت نہیں دینا پڑے گی، گرمیوں کی تعطیلات یکم جون تا 11 اگست تک کی جائیں گی، نیا تعلیمی سال اپریل سے شروع ہوگا، 12 اپریل تک نجی سکولوں کو رجسٹریشن کی ڈیڈلائن دے دی ہے۔

انہوں نے آج یہاں ڈی جی پی آرمیں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ اپریل اور مئی میں اساتذہ کے تبادلوں سے پابندی اٹھا دیں گے۔ اساتذہ کے تبادلوں کیلئے نئی الیکٹرانک پالیسی لیکر آرہے ہیں، اساتذہ کے تبادلے آٹومیٹک سسٹم کے تحت آن لائن ہوں گے، تبادلے کیلئے کسی کو رشوت دینے کی ضرورت نہیں پڑے گی۔

(جاری ہے)

، ٹیچرز کی کمی پوری کرنے کیلئے ریشنلائزیشن کریں گے۔

وزیرتعلیم پنجاب نے کہا کہ10 ہزار سکولوں میں 20 سے کم طلباء کیلئے ایک استاد ہے۔ سکولوں میں اساتذہ اور طلباء کا 40 طلباء کیلئے ایک کا تناسب رکھیں گے۔پنجاب میں صرف 10ہزار سکولوں میں اساتذہ کی کمی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس اساتذہ کی کمی نہیں ہے۔ کیونکہ جب ایک سکول میں 20 بچوں کو 4 استاد پڑھا رہے ہیں تو ٹیچرز تو کم ہوں گے۔ ٹیچرز کی کمی نہیں ہے۔

ہم نے کبھی ریشنلائزیشن کا سوچا ہی نہیں ہے۔ کہا جاتا ہے کہ نئی بھرتیاں کرلیں ، نئی بھرتیاں کیوں کریں؟ جو لوگ بیٹھے ہیں وہ کام کریں۔ نئی بھرتیاں کرنے سے خزانے پر بوجھ بڑھے گا۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں ریشنلائزین کے بعد بھی ہمارے پاس ٹیچرز بچ جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ ہم نیا ڈیٹا بیس بنانے جارہے ہیں ۔ جو ایپ بنانے جارہے ہیں اس پر ہر چیز ٹریک پر ملے گی۔

مراد راس نے کہا کہ پنجاب بھر میں تما م نجی سکول رجسٹریشن کروانے کے پابند ہوں گے۔ ہمیں معلوم ہونا چاہیے کون سا سکول کہاں کھلا ہے۔ اگلے 60 دنوں میں جس سکول نے بھی رجسٹریشن نہ کروائی اس کو بند کردیں گے۔ اس کی سکول کی طلباء ، فیسوں سمیت ساری تفصیلات ہماری پاس ہونی چاہیے۔ 12 اپریل تک تمام سکولوں کو رجسٹریشن کروانا ہوگا۔ زائد فیس لینے والے نجی اسکولوں کے خلاف کاروائی ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ رواں سال نیا تعلیمی سال یکم اپریل سے شروع ہوگا۔ تعلیمی سال کی انرولمنٹ مارچ سے شروع ہوجائے گی۔ وزیرتعلیم پنجاب نے کہا کہ یکم جون سے 11 اگست تک گرمیوں کی چھٹیاں کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ سکولوں میں منشیات کی روک تھام کیلئے اینٹی نارکوٹکس فورس کے ساتھ ملکر کام کررہے ہیں۔ انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ رانا مشہود نے محکمے میں کرپشن کی انتہاء کررکھی تھی۔ سرکاری گاڑیوں کو ذاتی مقاصد کیلئے استعمال کیا۔ رانا مشہود کے حوالے سے ثبوت اکٹھے کررہے ہیں، جس کے بعد اداروں سے رابطہ کیا جائے گا۔