عوام کلین اینڈ گرین پاکستان مہم کی کامیابی کے لئے موسم بہار کی شجر کاری مہم میں بھی بڑ ھ چڑھ کر حصہ لیں ،اقبال حسین

منگل 12 فروری 2019 19:29

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 فروری2019ء) ڈپٹی کمشنر ملاکنڈ اقبال حسین نے ضلع بھر کے عوام اور کاشتکاروں پر زور دیا ہے کہ وہ کلین اینڈ گرین پاکستان مہم کی کامیابی کے لئے موسم بہار کی شجر کاری مہم میں بھی بڑ ھ چڑھ کر حصہ لیں اور ملاکنڈ کو سرسبز و شاداب بنانے کے لئے پہاڑوں ، میدانی علاقوں اورخاص کر فالتو وبنجر زمینوں پر زیادہ سے زیادہ درخت لگائیں کیونکہ درخت انسانی بقاء کے ساتھ ساتھ ماحول کو آلودگی سے صاف ستھرا رکھنے کے لیے انتہائی ضروری ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ملاکنڈ میں میڈیا کے نمائندوں سے باتیں کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر ڈی ایف او ملاکنڈ اصغر علی نے بتایا کہ کلین اینڈ گرین پاکستان مہم کے دوران مختلف سرکاری اداروں کے زیر اہتمام تقریباًً 22 ہزار پودے لگائے گئے ہیں اور اسی طرح موسم بہار کی شجرکاری مہم کے دوران بھی ضلع ملاکنڈ میں پانچ لاکھ پودے لگائیں جائینگے اور 50 لاکھ مختلف پودوں کی نرسریاں بھی لگائی جائینگی جوکہ ائیندہ سال کاشتکاروں میں مفت تقسیم کریں گے ۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ درخت موسمیاتی تغیرات کے اثرات کو کافی حد تک کم کرنے کے ساتھ قدرتی آفات یعنی طوفان و سیلاب کی وجہ سے زمینی کٹائو سے بچائو میں بھی اہم کردار اد کررہے ہیں اس لیے انہوں نے عوام اور کاشتکاروں سے کہاہے کہ وہ اس عظیم مہم میں ضلعی انتظامیہ اور محکمہ جنگلات کے ساتھ ساتھ اپنا حصہ ڈالیں اور لازمی طور پر پودے لگائیں۔

متعلقہ عنوان :