حکومت کی انتقامی سیاست ملک و قوم کے مفاد میں نہیں ،سید یوسف رضا گیلانی

حکمران ایک کروڑ نوکریوں ،پچاس ہزار گھر دینے کا خواب دکھا کر عوام سے روزگار ،رہنے کیلئے چھت بھی چھین رہے ہیں ،پیپلزپارٹی جنوبی پنجاب کیلئے سب سیکرٹریٹ نہیں ،عوامی خواہشات کے مطابق الگ صوبہ دیکھنا چاہتی ہے،حکمرانوں کو جنوبی پنجاب صوبہ سے بھاگنے نہیں دینگے ،کارکنا ن و ذمہ داران پارٹی کو جنوبی پنجاب میں مضبوط بنانے میں کلیدی کردار ادا کریں، سابق وزیراعظم کی پیپلزپارٹی کے نومنتخب عہدیدران کو نوٹیفکیشن دئیے جانے کے موقع پر گفتگو

منگل 12 فروری 2019 21:45

حکومت کی انتقامی سیاست ملک و قوم کے مفاد میں نہیں ،سید یوسف رضا گیلانی
ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 فروری2019ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی سینئر وائس چیئرمین وسابق وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ حکومت انتقامی سیاست کر رہی ہے جو ملک و قوم کے مفاد میں نہیں ،حکمران ایک کروڑ نوکریوں اور پچاس ہزار گھر دینے کا خواب دکھا کر عوام سے روزگار اور رہنے کیلئے چھت بھی چھین رہے ہیں ،پیپلزپارٹی جنوبی پنجاب کیلئے سب سیکرٹریٹ نہیں ،عوامی خواہشات کے مطابق الگ صوبہ دیکھنا چاہتی ہے،حکمرانوں کو جنوبی پنجاب صوبہ سے بھاگنے نہیں دینگے ،کارکنا ن و ذمہ داران پارٹی کو جنوبی پنجاب میں مضبوط بنانے میں کلیدی کردار ادا کریں ۔

سید یوسف رضا گیلانی نے یہ بات منگل کو گیلانی ہائوس ملتان میں پیپلزپارٹی کے نومنتخب عہدیدران کو نوٹیفکیشن دئیے جانے کے موقع پرگفتگو کرتے ہوئے کہی ۔

(جاری ہے)

اس موقع پرپاکستان پیپلزپارٹی کے مرکزی سینئر وائس چیئرمین و سابق وزیر اعظم سید یوسف رضا گیلانی نے پیپلزپارٹی ملتان ڈویژن کے صدر کا نوٹیفیکیشن خالد حنیف لودھی اور پیپلزپارٹی ڈیرہ غازی خان ڈویڑن کے صدر کا نوٹیفیکیشن ملک رمضان بھلر کو گیلانی ہاوس ملتان میں دیا۔

اس موقع پر پیپلزپارٹی جنوبی پنجاب کے سینئر نائب صدر خواجہ رضوان عالم، ڈاکٹر جاوید صدیقی، ملک نسیم لابر راو ساجد علی، ضلع چوہدری یاسین، و دیگر عہدیداران بھی موجود تھے۔یوسف رضا گیلانی نے کارکنان وعہدیدران سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پیپلزپارٹی نے ہمیشہ عوامی سیاست کی ہے، عوام کے مسائل کیلئے وسائل پیدا کرنا پیپلزپارٹی کی ہمیشہ اولین ترجیح رہی ہے۔

ہم نے ہمیشہ اقتدار میں آکر عوام کو روزگار دیا ہے چھینا نہیں ہے، عوام کو رہنے کیلئے گھر دئیے لیکن آج موجودہ حکمران ایک کروڑ نوکری اور پچاس ہزار گھر دینے کا خواب دکھا کر عوام سے روزگار بھی چھین رہے ہیں اور رہنے کیلئے چھت بھی چھین رہے ہیں ،پیپلزپارٹی موجودہ حکمرانوں کی عوام دشمن پالیسی کے خلاف بھرپور مذمت کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی سب سیکرٹریٹ نہیں بلکہ عوامی خواہشات کے مطابق اور ہماری قراداد کے مطابق جنوبی پنجاب کے عوام کیلئے الگ صوبہ چاہتی ہے تاکہ جنوبی پنجاب کے عوام کی محرومیوں کا ازالہ کیا جا سکے لیکن موجودہ حکمران جنوبی پنجاب صوبہ بنانے سے بھاگ رہے ہیں لیکن ہم انہیں بھاگنے نہیں دیں گے ۔

سابق وزیراعظم نے مزید کہا کہ موجودہ حکومت انتقامی سیاست کر رہی ہے جو کہ ملک و قوم کے مفاد میں نہیں ہے ،موجودہ حکومت کو چاہیے کہ انتقامی سیاست سے باہر نکل کر عوام کی فلاح و بہبود کیلئے جامع پالیسی بنائے عوام ماضی کی نسبت آج زیادہ پریشان و بدحال ہے کیونکہ موجودہ حکومت نے عوام سے جو وعدے کئے تھے چھ ماہ گزرنے کے باوجود پورے نہیں ہوئے اور نہ پورے ہوتے نظر آرہے ہیں ۔

سید یوسف رضا گیلانی نے مزید کہا کہ پیپلزپارٹی جنوبی پنجاب کی تنظیم میں جو جو عہدے خالی ہیں وہ بہت جلد مکمل کر لئے جائیں گے اور ہماری خواہش ہے پارٹی سے منسلک مخلص کارکن عہدوں پر فائز ہوں جو پارٹی کو جنوبی پنجاب میں مضبوط بنانے میں کلیدی کردار ادا کریں ۔بعد ازاں پیپلزپارٹی شعبہ خواتین جنوبی پنجاب کی سینئر نائب صدر راضیہ رفیق سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیراعظم نے کہا کہ سٹیٹ لائف ایک منافع بخش ادارہ ہے اس ادارے کے ملازمین کو بے روزگار ہرگز نہیں ہونے دیا جائے گا، اس مسئلے کو پیپلزپارٹی قومی اسمبلی میں اٹھائیگی ۔

انہوں نے کہا کہ اسٹیٹ لائف کے ملازمین کیساتھ ظلم ہرگز برداشت نہیں کریں گے، پیپلزپارٹی ایسے تمام اداروں کے ملازمین کے ساتھ کھڑی ہے جن کو بلاوجہ بے روزگار کیا جارہا ہے۔