یو اے ای پہلے صدر شیخ زید بن سلطان النہیان کی زندگی پر فلم بنانے کا فیصلہ

منگل 12 فروری 2019 21:55

دبئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 12 فروری2019ء) متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے سابق اور پہلے صدر شیخ زید بن سلطان النہیان کی زندگی پر فلم بنائے جانے کی چہ مگوئیاں یوں تو کافی عرصے سے جاری تھیں۔تاہم اس حوالے سے تاحال تصدیق نہیں کی گئی تھی۔اب اطلاعات سامنے آئی ہیں کہ یو اے ای کی ریاست ابو ظہبی کے سابق بادشاہ اور متحدہ عرب امارات کے سابق اور پہلے صدر شیخ زید کی زندگی پر فلم بنانے کی تیاریاں شروع کردی گئیں۔

(جاری ہے)

شوبز ویب سائٹ ’ہولی وڈ رپورٹر‘ نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ شیخ زید بن سلطان النہیان کی زندگی پر بنائی جانے والی فلم کی کہانی معروف فلم ’گلیڈی ایئٹرز‘ کے لکھاری ڈیوڈ فرانزونی لکھیں گے۔رپورٹ کے مطابق شیخ زید کی زندگی پر بنائی جانے والی فلم کی ہدایات بولی وڈ کے معروف فلم ساز شیکھر کپور دیں گے جو اس سے قبل بھی کچھ معروف انگریزی فلموں کی ہدایات دے چکے ہیں۔اس فلم کی پروڈکشن بھی ہولی وڈ اور یو اے ای سمیت بھارت کے پروڈکشن ہاؤسز مشترکہ طور پر کریں گے۔فوری طور پر یہ کہنا قبل از وقت ہے کہ شیخ زید کی زندگی پر کب تک فلم سامنے آئے گی، تاہم خیال ظاہر کیا جا رہا ہے کہ ان کی زندگی پر فلم کی شوٹنگ آئندہ سال شروع ہونے کا امکان ہے۔