ضلع اسمبلی جیکب آباد کا اجلاس، کشمیریوں سے اظہار یکجہتی،

سانحہ ساہیوال اور ارشاد رانجھانی کے قتل کی مذمت، ڈاکٹر گل محمد برڑو کی وفات پر فاتحہ خوانی، سلائی مشین دینے کے لیے ٹینڈر کرانے، گوٹھوں میں سولر لائیٹیں لگانے کی قرارداد منظور

منگل 12 فروری 2019 21:55

جیکب آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 12 فروری2019ء) ضلع اسمبلی جیکب آباد کا اجلاس، کشمیریوں سے اظہار یکجہتی، سانحہ ساہیوال اور ارشاد رانجھانی کے قتل کی مذمت، ڈاکٹر گل محمد برڑو کی وفات پر فاتحہ خوانی، سلائی مشین دینے کے لیے ٹینڈر کرانے، گوٹھوں میں سولر لائیٹیں لگانے کی قرارداد منظور۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق ضلع کونسل جیکب آباد کا اجلاس ضلع چیئرمین سردار محمد پناہ اوڈھو کی صدارت میں ہوا، اجلاس میں کشمیریوں سے یکجہتی کا اظہار کیا اور بھارتی مظالم کی شدید مذمت کی گئی، سانحہ ساہیوال اور کراچی میں بے دردی سے قتل ہونے والے ارشاد رانجھانی کے قتل کے واقعات کی مذمت کی گئی جبکہ پی ایم اے جیکب آباد کے سابق صدر ڈاکٹر گل محمد برڑو کی وفات پر فاتحہ خوانی کی گئی، اجلاس میں وفاق کی جانب سے سندھ کو گیس کی فراہمی کم کرنے اور لوڈشیڈنگ پر احتجاج کیا گیا اور مطالبہ کیا گیا کہ سندھ میں گیس کی لوڈشیڈنگ کو ختم کرکے گیس کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے، اجلاس میں ممبران نے کراچی میں بے دردی سے قتل ہونے والے ارشاد رانجھانی کے قتل کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ارشاد رانجھانی کو پولیس نے نہیں ایک غنڈے نے قتل کیا ہے قاتل کو سخت سزا دی جائے تاکہ اس طرح کے واقعات دوبارہ جنم نہ لے سکیں، ممبران کی جانب سے یونین کونسلوں میں سولر لائیٹیں لگانے اور سلائی مشینوں کے لیے ٹینڈر کی منظوری دی گئی ، اجلاس میں ممبر گل محمد جکھرانی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ضلع کونسل کے کئی ملازمین گھر بیٹھے تنخواہیں لے رہے ہیں ان کو ڈیوٹی کا پابندبنانے کی ضرورت ہے اور حاضری کو یقینی بنانے کے لیے ملازمین کی بائیو میٹرک کی جائے ، ضلع اسمبلی کے ممبر گل محمد جکھرانی نے انکشاف کیا کہ ضلع کونسل میں ایک ہی خاندان کے 15سے زائد افراد ایڈجسٹ کئے گئے ہیں اس کی تحقیقات کرائی جائے ۔