Live Updates

وزیر اعظم کی گیس کی چوری کے خلاف ملک گیر کریک ڈاؤن کی ہدایت

ایف جی گیس کی روک تھام کے حوالے سے کسی قسم کی کوئی نرمی یا رعایت اختیار نہ کی جائے،عمران خان کی گیس سیکٹر سے متعلقہ معاملات کا جائزہ لینے کے لئے اعلیٰ سطحی اجلاس میں گفتگو ملک کو اس وقت پچاس ارب کی گیس چوری کا سامنا ہے، اکانوے فیصد صارفین کو تقریبا سو ارب روپے کی سبسڈی دی جا رہی ہے ،وزیر اعظم کو بریفنگ

منگل 12 فروری 2019 22:46

وزیر اعظم کی گیس کی چوری کے خلاف ملک گیر کریک ڈاؤن کی ہدایت
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 12 فروری2019ء) وزیرِ اعظم عمران خان کی زیر صدارت گیس سیکٹر سے متعلقہ معاملات کا جائزہ لینے کے لئے اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا ۔ اجلاس میں وزیرِ خزانہ اسد عمر، وزیرِ اطلاعات چوہدری فواد حسین، وزیرِ پٹرولیم غلام سرور خان، مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد، چئیرمین ٹاسک فورس برائے انرجی ندیم بابر، فیڈرل سیکرٹریز، چئیرمین اوگرا، سوئی ناردرن اور سوئی سدرن کمپنیز کے منیجنگ ڈائریکٹرز و دیگر افسران نے شرکت کی۔

وزیرِ اعظم کو ملک میں گیس کی موجودہ اور آئندہ سالوں میں سردیوں اور گرمیوں کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے ڈیمانڈ اور سپلائی کی صورتحال، ڈومیسٹک، انڈسٹری و دیگر سیکٹرز کی گیس ضروریات کو پورا کرنے کے لئے موجودہ بندوبست اور مستقبل کی ضروریات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی ۔

(جاری ہے)

وزیرِ اعظم کو بتایا گیا کہ اس وقت تقریباً پچاس ارب روپے کی گیس چوری کا سامنا ہے جو کہ unaccounted for gas (UFG)کے زمرے میں ڈالا جاتا ہے۔

اس چوری شدہ /ضائع گیس کا بوجھ بھی صارفین پر ڈالا جاتا ہے۔ وزیر اعظم نے ملک بھر میں گیس کی چوری کے خلاف کریک ڈاؤن شروع کرنے کی ہدایت کی۔وزیرِ اعظم کو سال 2019اور سال2020میں گیس کی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے لائحہ عمل پر بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی ۔اجلاس میں آنے والے مہینوں میں بجلی اور دیگر سیکٹر کے لئے گیس کی ضروریات کو مد نظر رکھتے ہوئے فوری طور پر 200ایم ایم سی ایف ڈی گیس مزید منگوانے کا فیصلہ کیا۔

گیس بلوں میں اضافے کی شکایت کے حوالے سے بھی وزیرِ اعظم کو تفصیلی بریفنگ دی۔ وزیرِ اعظم کو بتایا گیا کہ امپورٹد گیس کی مہنگی خرید کے معاہدوں اور دیگر اخراجات کے باوجود 91فیصد گیس صارفین کے بلوں میں محض بارہ سے پینتیس فیصد تک کا اضافہ کیا گیا۔زیادہ گیس استعمال کرنے والے صارفین ( پانچ سو اور ہزار مکعب میٹر گیس ماہانہ) کے بلوں میں گیس کی اصل قیمت کو مدنظر رکھ کر اضافہ کیا گیا۔

ان صارفین کی کل تعداد دس فیصد سے کم ہے۔ نامساعد حالات کے باوجود اکانوے فیصد صارفین کو ریلیف مہیا کرنے کے لئے حکومت کی جانب سے تقریباً سو ارب روپے کی سبسڈی دی گئی ہے۔ اس موقع پر وزیرِ اعظم کا کہنا تھا کہ یو ایف جی گیس کی روک تھام کے حوالے سے کسی قسم کی کوئی نرمی یا رعایت اختیار نہ کی جائے۔ سوئی کمپنیوں کے سربراہان کی کارکردگی کا جائزہ یو ایف جی کی روک تھام سے لیا جائے۔ اجلاس میں گیس کی دریافت کے حوالے سے کیے جانے والے اقدامات اور اس حوالے سے متعلقہ کمپنیوں کو دی جانے والی سہولیات اورمراعات پر بھی بریفنگ دی گئی ۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات