تنازعہ کشمیر کی وجہ سے نہ صرف جنوبی ایشیاء بلکہ عالمی امن کو بھی ایک سنگین خطرہ لاحق ہے‘سید علی گیلانی

مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل سے ہی نہ صرف جموںو کشمیر، بلکہ پورے جنوبی ایشیا میں ترقی و خوشحالی کے ایک نئے دور کے آغاز کی اُمید کی جاسکتی ہے سیدعلی گیلانی اور دیگر حریت رہنمائوںکی طرف سے شہید کشمیری نوجوان کو زبردست خراج عقیدت

بدھ 13 فروری 2019 12:33

تنازعہ کشمیر کی وجہ سے نہ صرف جنوبی ایشیاء بلکہ عالمی امن کو بھی ایک ..
سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 فروری2019ء) مقبوضہ کشمیرمیں کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی اوردیگر حریت رہنمائوںنے پلوامہ کے علاقے رتنی پورہ میں بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں شہید ہونیوالے کشمیر ی نوجوان ہلال احمد راتھر کو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ کشمیری نوجوان بھارتی تسلط سے آزادی کیلئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر رہے ہیں ۔

کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق سیدعلی گیلانی نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہاکہ حل طلب دیرینہ تنازعہ کشمیر کی وجہ سے نہ صرف جنوبی ایشیاء بلکہ عالمی امن کو بھی ایک سنگین خطرہ لاحق ہے ۔ انہوںنے مقبوضہ علاقے میں بڑے پیمانے پر جاری کشمیریوں کے قتل عام کو بھارت کی ضد اور ہٹ دھرمی کی بنیادی وجہ قراردیتے ہوئے کہاکہ مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل سے ہی نہ صرف جموںو کشمیر، بلکہ پورے جنوبی ایشیا میں ترقی و خوشحالی کے ایک نئے دور کے آغاز کی اُمید کی جاسکتی ہے۔

(جاری ہے)

تاہم انہوںنے افسوس ظاہر کیاکہ بھارت کی ہٹ دھرمی پر مبنی پالیسی کی وجہ سے نہتے کشمیریوںکا قتل عام مسلسل جاری ہے جس کی تمام تر ذمہ داری بھارت پر عائد ہوتی ہے ۔ حریت راہنما نے شہید کے لواحقین کے ساتھ دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے ان کیلئے صبرعظیم کی دعا کی ۔ ادھرتحریک حریت جموںکشمیر کے چیئرمین محمد اشرف صحرائی نے ایک بیان میں رواں ہفتے کے دوران کولگام کے علاقے کیلم، پلوامہ کے علاقوں رتنی پورہ اورچکورہ میں بھارتی فوجیوں کے ہاتھوںشہید ہونیوالے کشمیری نوجوانوںکو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کے غیر قانونی تسلط سے آزادی کیلئے کشمیری نوجوان اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر کے ایک عظیم تاریخ رقم کر رہے ہیں ۔

انہوںنے کہا کہ جس قوم کے اعلیٰ تعلیم یافتہ نوجوانوں، سکالروں، دانشوروںاور علماء نے بھارتی تسلط سے آزادی کیلئے شعوری طور شہادتوں کی تاریخ رقم کی ہو اسے دنیا کی کوئی طاقت زیادہ دیر تک محکوم نہیں رکھ سکتی ۔اشرف صحرائی نے کہا کہ بھارت نے مسلمہ بین الاقوامی قوانین، انسانی، اخلاقی اور جمہوری قدروں اور اصولوں کو پامال کرتے ہوئے جموں وکشمیر پر غیر قانونی طورپر قبضہ کر رکھا ہے ۔

انہوںنے کہاکہ بھارت نے گزشتہ 71برس کے دوران جموںوکشمیر میں تہذیبی جارحیت کے ساتھ ساتھ انسانی، اخلاقی، سیاسی اور جمہوری قدروں کو پامال کرتے ہوئے اپنے قبضے کو دوام بخشنے کے تمام حربے استعمال کئے، لیکن کشمیری عوام نے کبھی بھی بھارت کی غلامی قبول نہیں کی اور وہ بھارتی تسلط سے آزادی کیلئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرر ہے ہیں جس سے مسئلہ کشمیر عالمی سطح پر مرکز نگاہ بن گیا ہے ۔

میر واعظ عمر فاروق کی سرپرستی میں قائم حریت فورم نے بھی ایک بیان میں شہید کشمیری نوجوان ہلال احمد راتھر زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت ظلم و جبر اور طاقت کے وحشیانہ استعما ل کے ذریعے کشمیری نوجوانوںکو مسلح جدوجہد شروع کرنے پر مجبور کررہا ہے ۔ جموںوکشمیر مسلم لیگ کے جنرل سیکریٹری محمد رفیق گنائی نے شہید نوجوان ہلال احمد راتھرکی نماز جنازہ میں شرکت کی ۔

دریں اثناء سیدعلی گیلانی اور محمد اشرف صحرائی نے اپنے الگ الگ بیانات میں مفتی اعظم مفتی بشیر الدین کی وفات پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے غمزدہ خاندان کے ساتھ ہمدردی اور تعزیت کااظہار کیا ہے۔انہوںنے مرحوم کی بلندی درجات اورسوگواران کیلئے صبر عظیم کی دعا کی۔ سیدعلی گیلانی کے فرزند سید نسیم گیلانی نے مرحوم کی نماز جنازہ میں شرکت کی۔