مظفرآباد‘پارکنگ پلازہ میں آزادجموں وکشمیر یونیورسٹی کاحق ملکیت تسلیم ، 2کنال رقبہ یونیورسٹی کے حوالے

بدھ 13 فروری 2019 14:48

مظفرآباد‘پارکنگ پلازہ میں آزادجموں وکشمیر یونیورسٹی کاحق ملکیت ..
مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 فروری2019ء) پارکنگ پلازہ میں آزادجموں وکشمیر یونیورسٹی کاحق ملکیت تسلیم ، 2کنال رقبہ یونیورسٹی کے حوالے۔ یونیورسٹی طلبہ کے خلاف درج ایف آئی آر واپس لینے کا فیصلہ،ضلعی انتظامیہ باالخصوص کمشنرمظفرآباد، میونسپل کارپوریشن ،ترقیاتی ادارہ کا تعاون مثالی رہا۔ یونیورسٹی ترجمان آزاد جموں وکشمیر یونیورسٹی کے ترجمان کی جانب سے جاری ہونے والی ایک پریس ریلیز کے مطابق زلزلہ کے بعد مظفرآباد ماسٹر پلان کے مطابق یونیورسٹی کے ڈین ہائوس کی جگہ مٹن مارکیٹ تعمیر کیے جانے کا فیصلہ کیا گیا۔

نو تعمیر شدہ مٹن مارکیٹ کا زیاد ہ حصہ یونیورسٹی ڈین ہائوس پر مشتمل تھا۔تعمیر سے قبل معاہدہ کیا گیا جس کے مطابق مٹن مارکیٹ کی تعمیر کے بعد اسکی بیسمنٹ میں پارکنگ یونیورسٹی کے حوالے کی جائیگی، اس سلسلہ میں یونیورسٹی اتھارٹیز گورنمنٹ آفیشلز، بلدیہ مظفرآباد اور ترقیاتی ادارہ کے حکام کی آپس میں متعددمیٹنگ ہوتی رہیں۔

(جاری ہے)

بالاخر حکومتی قائم کردہ کمیٹی، جس میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری جنرل ، ایڈیشنل سیکرٹری ہائر ایجوکیشن، کمشنر مظفرآباد ڈویژن ، رجسٹرار آزاد جموںوکشمیر یونیورسٹی ، ڈائریکٹر اسٹیٹ ڈویلپمنٹ اتھارٹی مظفرآباد اور ڈائریکٹر اسٹیٹ آزادجموںوکشمیر یونیورسٹی کا ایک اجلاس مورخہ 25فروری 2015کو منعقد ہوا ۔

جس میں طے پایا کہ سابقہ ڈین ہائوس پر تعمیر پارکنگ پلازہ کو یونیورسٹی پارکنگ کے لیے استعمال کرنے کی اجازت ہو گی۔ مذکورہ فیصلے کی باضابطہ گورنمنٹ نوٹیفکیشن مورخہ 06اپریل 2015کو سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن سے جاری ہوئی ۔مگر اس نوٹیفکیشن پر عمل درآمد نہ ہو سکا اور بیسمنٹ پر موجود پارکنگ ایریا کو یونیورسٹی کے حوالے نہ کیا جا سکا۔اس سلسلہ میں طلبہ نے متعدد مرتبہ احتجاج بھی کیا ، جس پر ضلعی انتظامیہ نے مذکورہ جگہ کو یونیورسٹی کے حوالے کرنے کیلئے اقدامات اٹھانے کی یقین دہانی کرائی۔

مگر اس یقین دہانی پر کوئی پیش رفت نہ ہونے کی بنا پرطلبہ نے سٹی کیمپس کے باہر مورخہ 30جنوری 2019کو احتجاج کیا۔جس کے بعد ناخوشگوار صورتحال پیدا ہوئی اور یونیورسٹی میں تدریسی عمل موخر کرنا پڑااور احتجاج کرنے والے طلبہ کے خلاف مقدمات درج ہوئے۔ اس صورتحال کو بہتر بنانے کیلئے وائس چانسلر جامعہ کشمیر پروفیسر ڈاکٹر محمد کلیم عباسی نے ایک کمیٹی تشکیل دی، جس میں ڈین فیکلٹی آف سائنسز پروفیسر ڈاکٹر محمد قیوم خان، ڈین آرٹس پروفیسر ڈاکٹر عائشہ سہیل ،رجسٹرار پروفیسر ڈاکٹر غلام مرتضیٰ، پروفیسر ڈاکٹر ندیم حیدر بخاری، ڈائر یکٹر فنانس پروفیسر ڈاکٹر محمد صدیق اعوان، ڈائر یکٹر امور طلبہ پروفیسر عامر فاروق، ڈائریکٹر ورکس حافظ روشن دین اور شعبہ سٹیٹ سے خواجہ جاوید احمد شامل تھے۔

کمیٹی نے کمشنر مظفرآباد ڈویژن، ڈپٹی کمشنر بدرمنیر، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر عاصم خالد اعوان، ایڈمنسٹریٹر بلدیہ خواجہ اعظم رسول سے مٹن مارکیٹ میں یونیورسٹی کی جگہ ، طلبہ پر قائم مقدمات کے خاتمے پر مذاکرات کیئے ، مذاکرات میں ضلعی انتظامیہ نے یونیورسٹی کا موقف تسلیم کرتے ہوئے مٹن مارکیٹ کی پارکنگ پر یونیورسٹی کاحق تسلیم کر لیا اور کمشنر آفس سے نوٹیفکیشن نمبر 442-50مورخہ 8فروری 2019کو باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کرتے ہوئے مٹن مارکیٹ کی بیسمنٹ پر موجود قریباً دو کنال ایریا پر یونیورسٹی کا حق ملکیت تسلیم کرتے ہوئے اس جگہ کو یونیورسٹی کے حوالے کر دیا گیا اوراس کے علاوہ 30جنوری کو سٹی کیمپس کے باہر احتجاج کرنے والے طلبہ پر درج ایف آئی آر ختم کرنے کا فیصلہ کیا گیاہے۔