فیصل آباد میں سی ٹی ڈی کی کارروائی میں مارے جانے والوں کو میرے اغوا سے جوڑا گیا

سی ٹی ڈی آئندہ میرا نام سوچ سمجھ کر استعمال کرے۔ علی حیدر گیلانی

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین بدھ 13 فروری 2019 16:25

فیصل آباد میں سی ٹی ڈی کی کارروائی میں مارے جانے والوں کو میرے اغوا ..
ملتان (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔13 فروری 2019ء) : سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کے صاحبزادے علی حیدر گیلانی نے کہا کہ فیصل آباد میں مارے جانے والے دہشتگردوں کو میرے اغوا سے جوڑا گیا ۔ میں نہیں جانتا کہ فیصل آباد میں سی ٹی ڈی کے ہاتھوں مارے گئے دہشتگرد میرے اغوا میں ملوث تھے یا نہیں۔ مجھے سی ٹی ڈی نے کسی دہشتگرد کا چہرہ نہیں دکھایا۔ علی حیدر گیلانی نے سی ٹی ڈی کو تنبیہہ کرتے ہوئے کہا کہ سی ٹی ڈی آئندہ میرا نام سوچ سمجھ کر استعمال کرے۔

انہوں نے سانحہ ساہیوال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سانحہ ساہیوال ظلم ہے،سی ٹی ڈی نے بے گناہوں کو درندگی سے مارا۔ ہم نے ہر سطح پر سانحہ ساہیوال کی مذمت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں کسی بے گناہ کے بارے میں یہ نہیں کہہ سکتا کہ یہ میرے اغوا میں ملوث تھا کیونکہ مجھے اس کا علم نہیں ہے۔

(جاری ہے)

سی ٹی ڈی اگر ایسی کارروائیاں کر رہی ہے تو ان کو ٹھوس معلومات ہونی چاہئیں، ٹھوس شواہد اکٹھے ہونے کے بعد ہی سی ٹی ڈی کو کسی کے خلاف ایکشن لینا چاہئیے۔

انہوں نے کہا کہ مجھے لگتا ہے کہ اب سی ٹی ڈی کو سمجھ آ گئی ہو گی اور وہ آئندہ میرا نام استعمال نہیں کریں گے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ مجھے چھ افراد پر مشتمل پاکستان القاعدہ کے گروپ نے اغوا کیا تھا اور میں طالبان کے پاس رہا ہوں۔ مجھے وزیراعظم کا بیٹا ہونے اور اُسامہ بن لادن کی ہلاکت پر اغوا کیا گیا۔ علی حیدر گیلانی کے اس بیان پر بات کرتے ہوئے صوبائی وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ علی گیلانی نے جو انٹرویو دیا ہے، اُس میں ننانوے فیصد چیزیں انہوں نے درست بیان کی ہیں کہ را طالبان کو پاکستان میں کارروائیاں کرنے کے لیے فنڈز اور بارود دیتی تھی۔

میں نے راحیل شریف سے ملاقات میں انہیں سب کچھ بتایا تھا۔ سانحہ ساہیوال میں مارے گئے ذیشان سے متعلق کہا گیا تھا کہ ذیشان کے اُن دہشتگردوں کے ساتھ رابطے تھے جنہیں فیصل آباد میں کی جانے والی کارروائی میں مار دیا گیا تھا۔ دہشتگرد ذیشان کا تعلق علی حیدر گیلانی کے اغوا کے ساتھ براہ راست نہیں تھا۔ علی حیدر گیلانی کے بیان پر سابق صوبائی وزیر قانون رانا ثناءاللہ نے کہا کہ علی حیدر گیلانی کو اپنی بات کہنے کا حق حاصل ہے لیکن میں اپنی معلومات کی بنا پر کہہ سکتا ہوں کہ علی حیدر گیلانی کے اغوا میں جو گروہ ملوث تھا ، اُن کے تانے بانے فیصل آباد سے ملتے تھے۔

اس گروہ نے آئی ایس آئی کے اہلکار کو اغوا اور پولیس اہلکاروں کو شہید کیا تھا۔ سی ٹی ڈی کا دہشتگردی کے خلاف مؤثر کردار ہے۔ آئی ایس آئی کے انسداد دہشتگردی ونگ کے ساتھ مل کر سی ٹی ڈی نے ملکی مفاد اور تحفظ میں کئی قربانیاں بھی دیں اور شہید بھی ہوئے۔ لیکن ان کی یہ ساری قربانیاں سی ٹی ڈی کی کسی بلاجواز کارروائی کا دفاع نہیں کر سکتیں۔