سابق گورنر سٹیٹ بینک سلیم رضا کی کارانداز بورڈ آف ڈائریکٹرز میں شمولیت

بدھ 13 فروری 2019 20:03

سابق گورنر سٹیٹ بینک سلیم رضا کی کارانداز بورڈ آف ڈائریکٹرز میں شمولیت
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 فروری2019ء) کار انداز پاکستان نے سابق گورنر اسٹیٹ بینک آف پاکستان سلیم رضا کی اپنے بورڈ آف ڈائریکٹرز میں تقرری کا اعلان کیا ہے۔ سلیم رضا کا بینکنگ اور مالیاتی شعبہ میں 40 سال سے زائد کا تجربہ ہے۔ انہوں نے 36 سال تک انٹرنیشنل بینکنگ میں کام کرنے کے بعد اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے 15 ویں گورنر کی حیثیت سے ذمہ داریاں انجام دیں۔

وہ کریڈٹ و کارپوریٹ فنانس، رئیل اسٹیٹ اور گلوبل ایسٹ مینجمنٹ میں کاروباری تجربہ رکھتے ہیں۔ وہ پاکستان بزنس کونسل (پی بی سی) کے سی ای او بھی ہیں۔ اسٹیٹ بینک آف پاکستان اور پی بی سی میں اپنی مدت کے دوران انہوں نے ڈیبٹ کیپیٹل مارکیٹوں میں معاونت، مالیاتی شمولیت کو وسیع کرنے، زراعت اورچھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباروں کیلئے قرضوں تک رسائی میں اضافہ کرنے، بینکنگ شعبہ میں اصلاحات اور کارکردگی کو بڑھانے اور اقتصادی خودمختاری کے کاز کو بہتر بنانے کیلئے متعدد جدید اقدامات متعارف کرائے۔

(جاری ہے)

اس سے قبل سلیم رضا پاکستان اور بیرون ممالک میں سٹی بینک این اے میں مختلف عہدوں پر فائز رہ چکے ہیں۔ اس کے علاوہ وہ مشرق وسطیٰ، ایشیاء، افریقہ، برطانیہ، سینٹرل و ایسٹرن یورپ میں مختلف مقامات پر سٹی بینک کے کنٹری و ریجنل ہیڈ کی حیثیت سے بھی خدمات انجام دے چکے ہیں۔ ستمبر 2018ء میں سلیم رضا کا پرائم منسٹر آف پاکستان اکنامک ایڈوائزری کونسل میں نجی شعبہ کی نمائندگی کرنے والے ایک رکن کی حیثیت سے تقرر ہوا۔

سلیم رضا نے آکسفورڈ یونیورسٹی سے بی اے اور ایم اے کی کمبائنڈ ڈگری حاصل کی جہاں انہوں نے اورئیل کالج میں سیاست، فلاسفی اور اکنامکس میں تعلیم حاصل کی۔ اس وقت وہ حبیب بینک لمیٹڈ، انٹرنیشنل انڈسٹریز لمیٹڈ اور پلانیٹ این گروپ کے بورڈز میں بھی خدمات انجام دے رہے ہیں۔ وہ پولیٹیکل اکانومی کیلئے انسٹیٹیوٹ آف بزنس ایڈمنسٹریشن (آئی بی ای) کراچی میں adjunct پروفیسر بھی ہیں اور مختلف فورمز پر اقتصادی ترقی سے متعلق مختلف مضامین پر لیکچرز بھی دیتے ہیں۔

کار انداز پاکستان ایک غیر منافع بخش کمپنی ہے جو اگست 2014ء میں قائم ہوئی اور خواتین و نوجوانوں پر خصوصی توجہ کے ساتھ معاشی ترقی کو فروغ دینے، بینکوں سے محروم افراد اور غیر محفوظ کاروباری اداروں کو مالیاتی شمولیت کے ذریعے روزگار پیدا کرنے پر توجہ دے رہی ہے۔ کار انداز پاکستان کو برطانوی ادارہ برائے بین الاقوامی ترقی (ڈی ایف آئی ڈی) اور بل اینڈ ملینڈا گیٹس فائونڈیشن کا مالی تعاون حاصل ہے۔