Live Updates

پاکستان نے سعودی سرمایہ کاری کے بدلے یمن جنگ میں حصہ بننے کی خبروں کی تردید کردی

پاکستان کو یمن جنگ میں جھونکنے کیلئے کسی قسم کی کوئی سازش نہیں کی گئی، اس حوالے سے پھیلائی جانے والی خبریں بے بنیاد ہیں: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی

muhammad ali محمد علی بدھ 13 فروری 2019 19:07

پاکستان نے سعودی سرمایہ کاری کے بدلے یمن جنگ میں حصہ بننے کی خبروں کی ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔13 فروری 2019ء) پاکستان نے سعودی سرمایہ کاری کے بدلے یمن جنگ میں حصہ بننے کی خبروں کی تردید کردی، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ پاکستان کو یمن جنگ میں جھونکنے کیلئے کسی قسم کی کوئی سازش نہیں کی گئی، اس حوالے سے پھیلائی جانے والی خبریں بے بنیاد ہیں۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان حالیہ کچھ ماہ کے دوران دوستانہ تعلقات مزید مضبوط ہوئے ہیں۔

مسلم لیگ ن کے گزشتہ دور حکومت میں یمن جنگ میں شرکت نہ کرنے کے معاملے پر دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات پہلی مرتبہ سرد مہری کا شکار ہوئے تھے۔ تاہم تحریک انصاف کی حکومت آنے کے بعد سے دونوں ممالک پھر سے قریب آئے ہیں۔ بلکہ دونوں ممالک کے دوستانہ تعلقات میں تاریخی قربت دیکھنے میں آئی ہے۔

(جاری ہے)

سعودی عرب نے وزیراعظم عمران خان کے اقتدار میں آنے کے بعد پاکستان میں تاریخ کی سب سے بڑی سرمایہ کاری کرنے کا فیصلہ کیا۔

سعودی عرب نے پاکستان کو ادائیگیوں کا توازن برقرار رکھنے کیلئے نرم شرائط پر 3 ارب ڈالرز فراہم کرنے سمیت اربوں ڈالرز کا مفت تیل بھی فراہم کرنے کا فیصلہ کیا۔ سعودی عرب پاکستان میں گوادر کے مقام پر ایشیا کی سب سے بڑی آئل ریفائنری بھی تعمیر کرنے جا رہا ہے۔ کل ملا کر سعودی عرب پاکستان میں 20 سے 30 ارب ڈالرز کی سرمایہ کاری کر رہا ہے۔ اس حوالے سے کچھ حلقوں نے اعتراض اٹھایا کہ کہیں پاکستان کو یمن جنگ میں دھکیلنے کیلئے یہ سرمایہ کاری نہ کی جا رہی ہے۔

اس حوالے سے حکومت پاکستان نے واضح موقف اختیار کرتے ہوئے وضاحت کی ہے۔ حکومت پاکستان نے سعودی سرمایہ کاری کے بدلے یمن جنگ میں حصہ بننے کی خبروں کی تردید کردی ہے۔ اس حوالے سے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ پاکستان کو یمن جنگ میں جھونکنے کیلئے کسی قسم کی کوئی سازش نہیں کی گئی، اس حوالے سے پھیلائی جانے والی خبریں بے بنیاد ہیں۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات