خصوصی بچوں کی بحالی کیلئے 69 اسکولز بحالی مراکز کام کر رہے ہیں، سید قاسم نوید قمر معاون خصوصی وزیر اعلی سندھ

بدھ 13 فروری 2019 20:52

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 فروری2019ء) وزیراعلی سندھ کے معاون خصوصی برائے خصوصی افراد سید قاسم نوید قمر نے کہا ہے کہ محکمہ خصوصی افراد کی بحالی کے لیے محکمے کے تحت صوبہ بھر میں 69 سکولز اور بحالی مراکز کام کر رہے ہیں۔جن میں تقریبا 26 سو خصوصی بچوں کو مفت تعلیم ووکیشنل ٹریننگ اور دیگر سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔یہ بات بدھ کو انہوں نے ناو ڈی پی ڈی این جی او کے تحت خصوصی افراد کی 100 ویل چیئرز دینے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

انہوں نے مزید کہا کہ حکومت سندھ کی ہر ممکن کوشش ہے کہ سرکاری و نجی شعبے میں خصوصی افراد کے لیے مختص 5فیصد ملازمتوں کے کوٹے پر سختی سے عمل درآمد کروایا جائے اور خصوصی افراد کو ضرورت کے مطابق ووکیشنل ٹریننگ دی جائے تا کہ وہ معاشرے کا کار آمد شہری بن سکیں۔

(جاری ہے)

سید قاسم نوید قمر نے کہا کہ جب تک متعلقہ اسٹیک ہولڈرز مل کر کام نہیں کریں گے اس وقت تک خصوصی افراد کی بحالی کا مقصد حاصل نہیں کیا جا سکتا ۔

انہوں نے کہا کہ خصوصی افراد کی ووکیشنل ٹریننگ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے ان کی صلاحیتوں اور ذہنی رجحان کو مد نظر رکھتے ہوئے انکو ووکیشنل ٹریننگ دی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ خصوصی افراد معاشرے کا لازمی حصہ ہیں اور ہر مہذب معاشرے میں ان پر خصوصی توجہ دی جاتی ہے اور وسائل فراہم کئے جاتے ہیں تاکہ وہ معاشرے کا فعال شہری بن سکیں۔وزیراعلی سندھ کے معاون خصوصی سید قاسم نوید قمر نے کہا کہ ان خصوصی افراد کا ڈیٹا جمع کیا جا رہا ہے تاکہ اس تناسب سے ان کے لئے وسائل مہیا کیے جائیں۔

متعلقہ عنوان :