برطانیہ داعش کو شکست سے دوچار کرنے کیلئے ہر ممکن اقدام کرے گا: وزیر دفاع

ہم برطانیہ اور اپنے اتحادیوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن اقدام کریں گے‘وین ولیم سن

جمعرات 14 فروری 2019 12:00

برسلز(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 فروری2019ء) برطانوی وزیر دفاع گاوین ولیم سن نے کہا ہے کہ ان کا ملک داعش کے خطرے سے نمٹنے اور اس کو شکست سے دوچار کرنے کے لیے ہر ممکن اقدام کرنے کو تیار ہے۔انھوں نے یہ بیان ایسے وقت میں جاری کیا ہے جب امریکا نے کہا ہے کہ وہ داعش کے خلاف جنگ کے لیے ایک نیا اتحاد تشکیل دینے کو تیار ہے۔

(جاری ہے)

امریکا کے قائم مقام وزیر دفاع پیٹرک شناہن نے کہا ہے کہ وہ برسلز میں معاہدہ شمالی اوقیانوس کی تنظیم نیٹو کے وزرائے دفاع کے اجلاس میں شام کے شمال مشرقی علاقے میں امریکی فوجیوں کے انخلا کے بعد ایک مبصر فورس کی تعیناتی کے بارے میں تبادلہ خیال کریں گے۔

جب ولیم سن سے سوال کیا گیا کہ کیا برطانیہ شام میں مبصر فورس کی تشکیل وتعیناتی کی حمایت کرے گا جواب میں انھوں نے اس تجویز پر کوئی اعتراض تو نہیں کیا البتہ ان کا کہنا تھا کہ برطانیہ داعش کے خلاف جنگ جاری رکھے گا۔انھوں نے برسلز میں نیٹو کے اجلاس میں شرکت کے لیے آمد کے موقع پر کہا کہ ہم اس بات کو تسلیم کرتے ہیں کہ داعش کا خطرہ تبدیل ہونے جا رہا ہے اور یہ تبدیل ہونے کے بعد منتشر ہونے جا رہا ہے۔ولیم سن کا کہنا تھا کہ ہم برطانیہ اور اپنے اتحادیوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن اقدام کریں گے۔