Live Updates

اورکزئی سمیت تمام قبائلی اضلاع کے تعلیمی اداروں میں بنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جا رہی ہے‘مشیر وزیراعلی خیبرپختونخوا

جمعرات 14 فروری 2019 14:50

اورکزئی سمیت تمام قبائلی اضلاع کے تعلیمی اداروں میں بنیادی سہولیات ..
کوہاٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 فروری2019ء) وزیر اعلی خیبر پختون خواہ کے مشیر برائے تعلیم ضیاء اللہ بنگش نے قبائلی ضلع اورکزئی میں کیڈٹ کالج کے قیام کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ضلع اورکزئی سمیت تمام قبائلی اضلاع کے تعلیمی اداروں میں بنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جا رہی ہے۔ انہوں نے گزشتہ روز ایک روزہ دورہ پر مختلف سکولوں کے موقع پر ضلع اورکزئی میں تعلیمی شعبے، سکولوں اور تعلیمی سہولیات کا جائزہ لیا اور مقامی مشران اور جرگہ عمائدین سے بھی ملاقات کی۔

جرگہ عمائدین نے علاقے کے مسائل کے حوالے سے ضیاء اللہ بنگش کو آگاہ کیا۔ضیاء اللہ بنگش نے دورے کے دوران گورنمنٹ ماڈل ہائی سکول سمہ بازار ماموں زئی، گورنمنٹ گرلز ہائیر سیکنڈری سکول اورکزئی، گورنمنٹ ڈگری کالج فار بوائز غلجو اور پولیٹکل ایجنٹ پبلک سکول اورکزئی کا افتتاح کیا۔

(جاری ہے)

ضیاء للہ بنگش نے علاقے میں امن قائم کرنے پر پاک فوج کی کاوشوں کو سراہا اور شہداء کو خراج تحسین پیش کیا۔

مشیر تعلیم بنگش نے ضلع اورکزئی دورے کے دوران تعلیمی شعبے کے حوالے سے مختلف اعلانات کرتے ہوئے ضلع اورکزئی میں اساتذہ کی حاضری کی بہتری کے لیے آزاد مانیٹرنگ یونٹ کا قیام اور ترجیحی بنیادوں پر میرٹ پر اساتذہ بھرتی کرنے کا اعلان کیا اورکہا کہ عنقریب اورکزئی کی عوام تعلیمی شعبے میں بڑی تبدیلی دیکھیں گے۔ وزیراعظم عمران خان کی ہدایت کے مطابق قبائلی اضلاع پر بھرپور توجہ دے رہے ہیں اور قبائلی اضلاع کے سکولوں کی حالت بہتر کرنے اور تمام بنیادی سہولیات فراہم کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ قبائلی اضلاع میں ترجیحی بنیادوں پر اساتذہ بھرتی کر رہے ہیں جس کے لیے اشتہار جاری ہو چکا اور جلد میرٹ پر بھرتی کا عمل مکمل کریں گے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات