بی جے پی اور آر ایس ایس ہندو طالبان ہیں اور نریندر مودی ان طالبان کے امام ہیں‘سردار عتیق احمد خان

ہندو طالبان کی حکومت سارے خطے کے لئے خطرے کا باعث ہے ۔ مسئلہ کشمیر حل ہوئے بغیر جنوبی ایشیاء میں حقیقی اور پائیدار امن قائم نہیں ہوسکتا

جمعرات 14 فروری 2019 15:29

راچڈیل (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 فروری2019ء) آل جموں وکشمیر مسلم کانفرنس کے صدر اور سابق وزیراعظم سردار عتیق احمد خان نے کہا ہے کہ بی جے پی اور آر ایس ایس ہندو طالبان ہیں اور نریندر مودی ان طالبان کے امام ہیں ‘ ہندو طالبان کی حکومت سارے خطے کے لئے خطرے کا باعث ہے ۔ مسئلہ کشمیر حل ہوئے بغیر جنوبی ایشیاء میں حقیقی اور پائیدار امن قائم نہیں ہوسکتا وہ گزشتہ روز دورہ برطانیہ کے دوران راچڈیل میونسپل ہال میں چوہدری زمان اور کونسلرز کے ساتھ بات چیت کررہے تھے ۔

سردار عتیق احمد خان کی آمد پر میونسپل ہال پر آزاد کشمیر کا پرچم لہرایا گیا ۔اس موقع پر سردار عتیق احمد خان نے کہا کہ دنیا کو اس حقیقت کا اعتراف کرنا چاہیے کہ جنوبی ایشیاء کے تمام مسائل کی جڑ کشمیر ہے ۔

(جاری ہے)

اس مسئلے کو حل نہ کرنے سے پورا خطہ جنگ کے دہانے پر کھڑا ہے ۔ جنوبی ایشیاء میں ہونیوالی سرمایہ کاری اور ترقی بھی عارضی اور وقتی ہے کیونکہ کشیدگی کی وجہ سے تباہی پھیلنے کا خدشہ ہمہ وقت ہے ۔

انہوں نے کہا کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر کو انسانی حقوق کا قبرستان بنا دیا ہے ۔ بھارت کا ہاتھ روکنا اب ضروری ہوگیا ہے ۔ اقوام متحدہ اور عالمی اداروں کو انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کانوٹس لینا چاہیے ۔ انہوں نے کہا کہ برطانیہ کے تارکین وطن مسئلہ کشمیر کو سفارتی محاذ پر اجاگر کرنے میں اپنا بھرپور کردار ادا کررہے ہیں یہ قابل تحسین عمل ہے ۔

تارکین وطن کو اتحاد و یکجہتی کے ساتھ اپنے سماجی مسائل کے حل کیلئے کردار ادا کرنا چاہیے اور ایسے کردار کا مظاہرہ کرنا چاہیے جس سے پاکستان اور کشمیر کی نیک نامی ہو ۔ انہوں نے مسٹر راچڈیل ، چوہدری زمان کا شکریہ ادا کیا ۔ اس موقع پر سردار عثمان علی خان ، چوہدری بشیر رٹھوی ، راجہ اسحاق صابر ، سردار امجد عباسی ، انیلہ چوہدری سابق وزیراعظم کے ہمراہ تھے ۔