Live Updates

وزیر اعظم عمران خان کو آئی ایم ایف سے قرض لینے پر خودکشی اور شیخ رشید کو پی اے سی کی فکر ہے، سعیدغنی

کراچی میں رہائشی عمارتیں توڑنا ممکن نہیں، البتہ جو شادی ہال رفاہی پلاٹ پر بنے ہیں وہ ضرور ٹوٹیں گے، وزیربلدیات سندھ

جمعرات 14 فروری 2019 15:35

وزیر اعظم عمران خان کو آئی ایم ایف سے قرض لینے پر خودکشی اور شیخ رشید ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 فروری2019ء) سندھ کے وزیر بلدیات سعید غنی نے کہاہے کہ عمران خان اور شیخ رشید کو اپنی اپنی فکر ہے، وزیر اعظم عمران خان کو آئی ایم ایف سے قرض لینے پر خودکشی اور شیخ رشید کو پی اے سی کی فکر ہے۔جمعرات کوبینکنگ کورٹ کراچی آمد کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شیخ رشید کو نازک وقت میں خان کو پریشان نہیں کرنا چاہئے۔

وزیر بلدیات سندھ نے کہا کہ عمران خان کہتے تھے، کپتان جو کہتا ہے وہ کرتا ہے،ہم انہیں خود کشی سے زبردستی نہیں روکیں گے۔انہوں نے کہا کہ علیمہ خان کی خفیہ جائیداد کی پوچھ گچھ نہیں کی جا رہی، انہیں این آر او دے دیا گیا ہے۔انہوں نے کہاکہ رہائشی عمارتیں توڑنے پر استعفیٰ دینے کی بات پرآج بھی قائم ہوں،کراچی میں رہائشی عمارتیں توڑنا ممکن نہیں، البتہ جو شادی ہال رفاہی پلاٹ پر بنے ہیں وہ ضرور ٹوٹیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ رہائشی عمارتوں سے متعلق ہم اپنی گزارشات سپریم کورٹ لے کر جائیں گے، عدالتی احکامات کے ہم پابند ہیں اور ہم انہیں مان بھی رہے ہیں، غیر قانونی تعمیرات کے خلاف کارروائی جاری ہے۔وزیر بلدیات سندھ نے کہا کہ کچھ عرصے پہلے ن لیگ سے نرمی اور پیپلز پارٹی سے الگ رویہ تھا، اب ن لیگ اور پیپلزپارٹی کے ساتھ رویہ مختلف ہے۔انہوں نے کہا کہ جے آئی ٹی کی رپورٹ انتہائی مضحکہ خیز ہے، جے آئی ٹی نے سپریم کورٹ کے فیصلے کی بھی واضح خلاف ورزی کی ہے۔

سعید غنی نے کہا کہ سپریم کورٹ نے ہدایت کی تھی کہ جے آئی ٹی رپورٹ منظر عام پر نہ آئے، جس کے لیے سپریم کورٹ نے جے آئی ٹی کو اپنی کارروائی شیئر نہ کرنے کیلئے کہا تھا۔انہوں نے کہا کہ ہماری لیڈر شپ کے خلاف یک طرفہ ٹرائل کا نوٹس نہیں لیا گیا، جہانگیر ترین کے باورچی اور ڈرائیور کے نام پر اکائونٹ تو ثابت ہو چکے ہیں۔سعید غنی نے ڈاکٹروں کی سندھ میں ہڑتال کے حوالے سے کہا کہ ڈاکٹروں کا یہ رویہ بلیک میلنگ ہے اس کی مذمت کرتا ہوں۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات