نیب: چودھری شجاعت، پرویزالٰہی کیخلاف تحقیقات شروع کرنےکا فیصلہ

رہنماء پیپلزپارٹی حناربانی کھر، ن لیگی رہنماء صدیق الفاروق سمیت دیگر کیخلاف بھی انکوائریاں شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ نیب ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعرات 14 فروری 2019 16:14

نیب: چودھری شجاعت، پرویزالٰہی کیخلاف تحقیقات شروع کرنےکا فیصلہ
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 14 فروری 2019ء) نیب نے مسلم لیگ ق کے سربراہ چودھری شجاعت حسین اوراسپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الٰہی کے خلاف 3 تحقیقات شروع کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے،رہنماء پیپلزپارٹی حناربانی کھراور ن لیگی رہنماء صدیق الفاروق، سمیت دیگر کیخلاف انکوائری شروع کرنے کا فیصلہ بھی کرلیا گیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق چیئرمین نیب جسٹس ر جاوید اقبال کی زیرصدارت نیب ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس ہوا۔

اجلاس میں مختلف کیسز میں تحقیقات اور ریفرنسز دائر کرنے کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں نیب نے مختلف سیاسی رہنماوٴں اور افسران کے خلاف 13 انکوائریوں اور 7 کیسز کی تحقیقات کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔اجلاس میں احتساب عدالت میں تین ریفرنسزبھی دائر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

اعلامیہ نیب میں بتایا گیا ہے کہ چیئرمین نیب کی زیرصدارت اجلاس میں سربراہ ق لیگ چودھری شجاعت حسین اوراسپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الٰہی کے خلاف تین کیسز میں تحقیقات شروع کرنے کا فیصلہ بھی کیا ہے۔

اسی طرح رہنماء پیپلزپارٹی حناربانی کھراور غلام ربانی کھر، ن لیگی رہنماء صدیق الفاروق کیخلاف بھی انکوائریز شروع کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ نیب نے سابق ایم ڈی بیت المال شیخ عابد وحید کے خلاف بھی انکوائری شروع کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ اسی طرح سابق چیرمین سی ڈی اے کامران لاشاری اور دیگر افسران کیخلاف کرپشن ریفرنس دائر کرنے کی منظوری بھی دے دی گئی ہے۔ سابق سیکرٹری شاہد رفیق کیخلاف ریفرنس کوئٹہ سے اسلام آباد منتقل کرنے کی درخواست مسترد کردی گئی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ نیب کی جانب سے جن لوگوں کے خلاف انکوائری شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے انہیں جلد نوٹسز بھیج کر انکوائری کیلئے بلائے جانے کا امکان ہے۔