شارجہ: وِزٹ ویزہ پر آنے والوں کو تجدید کے لیے وطن واپس جانے کی شرط ختم

تارکین ویزے کی معیاد ختم ہونے سے چند روز قبل درخواست دے کر ویزہ تجدید کروا سکیں گے

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعرات 14 فروری 2019 16:16

شارجہ: وِزٹ ویزہ پر آنے والوں کو تجدید کے لیے وطن واپس جانے کی شرط ختم
شارجہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔14فروری 2019ء ) تارکین کے معاملات دیکھنے والے محکمے نے ایک ایسی خبر سُنا دی ہے جس نے لاکھوں تارکین کو خوش کر کے رکھ دیا ہے۔ جنرل ڈائریکٹوریٹ آف ریزیڈنسی اینڈ فارنرز افیئرز کے ایک سینیئر اہلکار نے بتایا ہے کہ جو لوگ اپنے اماراتی شناختی کارڈ اور رہائشی ویزہ کی تجدید کے لیے درخواست دینا چاہتے ہیں، وہ اب گھر بیٹھے بیٹھے ہی بیک وقت دونوں کے لیے آن لائن ایپلی کیشن فارم جمع کروا سکتے ہیں، اب ان خدمات کے حصول کے لیے ٹائپنگ سنٹرز کا رجوع کیے بغیر بھی کام ہو جائے گا۔

جس سے لوگوں کے قیمتی وقت کے ساتھ ساتھ ٹرانسپورٹ کی مد میں خرچ ہونے والی رقم کی بھی بچت ہو گی۔GDRFA کے شارجہ کے ڈائریکٹر جنرل کرنل عارف ال شمسی نے بتایا کہ اس مقصد کے لیے تمام رہائشیوں کو اپنے موبائل پر GDFRA کی ایپ ڈاؤن لوڈ کرنا ہو گی۔

(جاری ہے)

اس ایپ کی مدد سے امارات کے رہائشیوں کے علاوہ دیگر ممالک میں مقیم افراد بھی وِزٹ ویزہ اور رہائشی ویزہ کے لیے حصول کے لیے آن لائن درخواستیں دے سکتے ہیں اور اپنی درخواست پر ہونے والی پیش رفت کو بھی ٹریک کر سکتے ہیں۔

اس ایپ کے ذریعے درخواست موصول ہونے کے بعد ایک سے تین روز کے اندر ویزہ اور شناختی کارڈ کی تجدید ہو جائے گی، جبکہ ماضی میں اس کام میں دو ہفتے لگ جاتے تھے۔ اس ایپ کی مدد سے جہاں صارفین اپنے ویزہ کے سٹیٹس کی ٹریکنگ کر سکتے ہیں وہاں ایک اور شاندار فیچر بھی دیا گیا ہے۔ صارفین ویزہ کے حصول میں کسی اعتراض یا پریشانی کی صورت میں چیٹ کے فیچر کے ذریعے کسٹمر سروس کے نمائندے سے بات بھی کر سکتے ہیں۔

ان چیٹ رومز میں سماعت اور بینائی سے محروم افراد کے لیے بھی اپنی شکایات، تجاویز اور دیگر انکوائریز کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔ ایسی کمپنیاں اور سپانسرز جو مملکت سے باہر مقیم اپنے سٹاف کے ویزوں کے لیے اپلائی کرتے ہیں، اُن کی درخواست پر ایک ہفتے کے اندر عملدرآمد ہو گا۔ جو لوگ تین ماہ کے وِزٹ ویزہ پر آئے ہیں، اب اُنہیں اپنے ویزہ کی میعاد بڑھانے کے لیے مملکت سے باہر جانے کی پابندی نہیں کرنی پڑے گی، بلکہ وہ مملکت میں رہتے ہوئے ہی پانچ سو درہم کی فیس کے عوض اپنے ویزوں کی تجدید کے لیے آن لائن درخواست دے سکتے ہیں۔

تاہم اس کے لیے بنیادی شرط یہ ہے کہ وہ اپنے ویزہ کی میعاد ختم ہونے سے چند روز قبل ویزہ تجدید کے لیے اپلائی کریں گے۔ کسی بھی آن لائن درخواست پر اسی صورت عمل درآمد ہو گا بشرطیکہ درخواست گزار نے اپنے کار آمد پاسپورٹ ، اماراتی شناختی دستاویزات اور دیگر ضروری کاغذات کی واضح طور پر پڑھی جانے والی کاپیاں بھی سبمِٹ کرائی ہوں گی۔ درخواستوں پر عمل کے دوران جہاں میڈیکل فٹنس ٹیسٹ کی ضرورت ہو گی، وہاں GDFRA وزارت صحت کے مراکز سے رجوع کرے گی، جو ادارے کے ساتھ آن لائن منسلک ہیں اور وہاں ٹیسٹوں کا تمام تر ریکارڈ چند سیکنڈز میں حاصل کیا جا سکتا ہے۔